سیلاب سے متاثرہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے ساتھ، امدادی پیکج دینگے: شہباز شریف
اشاعت کی تاریخ: 2nd, August 2025 GMT
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومت، انتظامیہ اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ متاثرہ علاقوں اور عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے جلد گلگت بلتستان کا دورہ کروں گا اور نقصانات کے ہرممکن ازالے کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے امدادی پیکج دیا جائے گا۔ تمام متعلقہ وفاقی ادارے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی انتظامیہ سے مل کر ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگائیں۔ شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں حالیہ مون سون کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات پر جائزہ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ شدید مون سون سیزن کے تناظر میں ملک بھر اور خصوصاً آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جانی و مالی نقصانات کے افسوسناک واقعات ہوئے۔ شدید موسمی صورتحال کے نقصانات سے بچائو کے لیے محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر موثر اور فعال بنایا جائے۔ متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں میں جانی و مالی نقصانات سے بچائو کو اولین ترجیح دی جائے۔ ذرائع مواصلات اور سڑکوں کی بحالی اور تعمیر و مرمت پر مقامی اور متعلقہ وفاقی ادارے خصوصی توجہ دیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملک بھر میں شدید مون سون سے ہونے والے اب تک کے نقصانات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ممکنہ موسمی صورتحال اور اب تک کیے گئے اقدامات پر اجلاس میں بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ حالیہ مون سون سیزن میں اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 295 اموات ہو چکی ہیں جبکہ 700 سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔1600 سے زائد گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ 376 مویشی بھی بارشوں کی نذر ہو گئے۔ حالیہ مون سون سیزن میں ندی نالوں میں شدید طغیانی ہے۔ تربیلا، چشمہ، تونسہ، کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے جبکہ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ اور گدو کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کا امکانات ہیں۔ حالیہ مون سون سیزن اگست کے آخر میں شدید ہونے کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے اپنے طور پر بچائو کے لیے بھرپور انتظامات کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 1 لاکھ 40 ہزار پوائنٹس کی حد سے تجاوز کرنے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹاک ایکسچینج میں کاروباری تیزی سرمایہ کاروں کی حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاس ہے۔ کاروبار و سرمایہ کاری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات سے ٹیکس نظام میں بہتری اور کاروباری برادری کو سہولت ملی۔ الحمدللہ پاکستان کی معاشی سمت بہتر اور معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ا زاد کشمیر اور گلگت بلتستان حالیہ مون سون شہباز شریف کے لیے
پڑھیں:
گلگت بلتستان میں گلوف کا الرٹ جاری
گلگت:محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان میں گلوف کا الرٹ جاری کردیا جہاں طوفانی بارش اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان میں حالیہ ہفتے میں بارشوں کے ایک اور اسپیل کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کہ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث گلیشیائی سیلابوں کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شدید بارشوں کے باعث گلیشیئرز اچانک پگھلنے سے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔