ضمنی الیکشن: عمران خان کے بائیکاٹ کے فیصلے سے اہم پی ٹی آئی رہنماناخوش
اشاعت کی تاریخ: 3rd, August 2025 GMT
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے پر پارٹی کے اندر سے اختلافی آواز سامنے آگئیں۔
پارٹی رہنما مونس الٰہی نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں اس فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ جس نے عمران خان کو یہ مشورہ دیا ہے کہ ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کرنا چاہیے، اُس نے بہت غلط مشورہ دیا ، ہمیں ہر سیٹ پر لڑنا چاہیے، اگر کسی نے دھاندلی کرنی ہے تو کرے، ہمیں مقابلہ کرنا چاہیے۔ آخری گیند تک لڑنا ہے، پیچھے نہیں ہٹنا۔
یاد رہے کہ عمران خان نے حالیہ بیان میں ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے جو ممبران اسمبلی ناجائز طریقے سے نااہل کیے گئے ہیں ان کی جگہ ضمنی انتخابات میں کسی کو کھڑا نہیں کیا جائے گا، کیونکہ ان لوگوں نے کئی طرح کی مشکلات جھیل کر انتخاب لڑا تھا اور مسلسل تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے رہے لہٰذا تحریک انصاف ان نشستوں پر کسی اور کو نامزد نہیں کرے گی۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد کو سزائیں ‘ عدالتی فیصلہ خوش آئند : عظمیٰ بخاری
لاہور (نوائے وقت رپورٹ ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے گزشتہ روز 9 مئی کے عدالتی فیصلے کو ملک و قوم کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ریاستی اداروں کے خلاف منفی سوچ رکھنے والوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ ایسی حرکات اب برداشت نہیں کی جائیں گی۔ لوگوں کو زبردستی اداروں کے خلاف اکسانا اور حملے کرانا ناقابلِ برداشت ہے۔ کسی سیاسی جماعت کے نام پر ایسی دہشت گردی کو ہمیشہ کے لیے بند ہونا چاہیے۔ گزشتہ روز کے فیصلے کے بعد ایسی حرکتیں کرنے والوں کو ایک بار نہیں‘کئی بار سوچنا پڑے گا۔ تشدد کے ذریعے غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کو مکمل شکست ہوئی ہے۔ اب سوسائٹی میں یہ بحث ہونی چاہیے کہ آیا نو مئی جیسے واقعات کسی سیاسی عمل کا حصہ ہو سکتے ہیں یا یہ آخری حربے کے طور پر استعمال ہونے والی ایک خطرناک سوچ تھی، جس کا خاتمہ ضروری ہے۔ ایسے فیصلے نہ صرف قانون کی بالادستی کو یقینی بناتے ہیں بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی بحال کرتے ہیں۔