’یوم استحصالِ کشمیر‘ اور عمران خان حکومت کی سفارتی ناکامی
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
آج 5 اگست 2019 کو کشمیری عوام پر بھارت کے جبری تسلط کے اس خوفناک اور افسوس ناک واقعے پر ’یومِ استحصال کشمیر‘ منایا جا رہا ہے۔
اس دن بھارتی حکومت نے یک طرفہ طور پر اپنے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کر دیا تھا اور ’جموں کشمیر‘ کی خصوصی حیثیت کو بغیر کسی رکاؤٹ کے مؤثر طریقے سے ختم کر دیا تھا۔
بھارت کا یہ ایک ایسا اقدام تھا جس نے نہ صرف خطے کے قانونی اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کر کے رکھ دیا، بلکہ 1972 کے دوطرفہ شملہ معاہدے کی بنیادوں اور روح کو بھی مسخ کر کے رکھ دیا، وہ ’شملہ معاہدہ‘ جو تنازعات کو کسی تیسرے فریق کی مداخلت کے بغیر پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک اہم دستاویز کے طور پر جانا جاتا ہے۔
1971 کی جنگ کے بعد ہونے والے اس ’شملہ معاہدے‘ کو ایک سفارتی سنگ میل کے طور پر سراہا گیا تھا۔ اس میں دو طرفہ بات چیت، خودمختاری کے باہمی احترام اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے تقدس کو بحال رکھنے، اسے یک طرفہ طور پر قطعاً تبدیل نہ کرنے اور تنازع کشمیر کو باہمی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا گیا تھا۔
اس میں یہ بھی طے کیا گیا تھا کہ دونوں ممالک میں سے کوئی بھی کشمیر تنازع پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی نہیں کرے گا، اس معاہدے کے تحت مکمل سفارتی، تجارتی اور عوام سے عوام کے درمیان تعلقات بحال کرنے اور طاقت کے استعمال سے گریز کرنے کا بھی عہد کیا تھا۔
تاہم، وزیر اعظم نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی نگرانی میں بھارت کی 2019 کی آئینی حکمت عملی نے نہ صرف اس معاہدے کی روح کو پامال کیا بلکہ یہ معاہدہ عملاً بے اثر ہو کر رہ گیا۔
بھارت نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 اور 35-اے کا خاتمہ کر کے مقبوضہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا، جو شملہ معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہی نہیں بلکہ پاکستان کے لیے ایک کھلا پیغام بھی تھا۔
اس پر افسوس کی بات یہ ہے کہ بھارت کے اس انتہائی قدم کے باوجود اس وقت کے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی حکومت مؤثر ردعمل دینے یا پیشگی بین الاقوامی سفارتی دباؤ ڈالنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔
شملہ معاہدے جیسی اہم دستاویز ہونے کے باوجود 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے آئینی تبدیلیوں کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو یک طرفہ طور پر تبدیل کرنا اس معاہدے کی روح اور متن دونوں کی کھلی خلاف ورزی تھی۔
پاکستان میں اس وقت کی عمران خان حکومت نے بھارت کے اس اقدام پر اگرچہ اپنے بیانات میں سخت لہجہ اپنایا، مگر ’شملہ معاہدے‘ جیسی اہم دو طرفہ دستاویز ہونے کے باوجود کوئی پیشگی حکمتِ عملی یا سنجیدہ سفارتی کوششیں نظر نہ آ سکیں۔
گو کہ پاکستان میں عمران خان حکومت نے بھارت کے یک طرفہ اقدام اور تنازع کشمیر کی اس سنگینی کو اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی پلیٹ فارمز پر اٹھایا، مگر نہ کوئی قرارداد منظور ہوئی، بھارت پر پابندیاں لگیں نہ کوئی عملی دباؤ پڑا۔ عالمی طاقتیں خاموش رہیں یا پھر غیر جانبدار رہیں۔
یہ بات بھی کھل کر سامنے آئی کہ عمران خان حکومت نے متعدد اندرونی و بیرونی رکاوٹوں کے بہانے پاکستان کی جانب سے بھارت کو مؤثر جواب دیا نہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو لے کر بھارت کے اس جابرانہ تسلط کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں جانے کی کوئی سہی کی گئی۔
عمران خان حکومت بھارت کے اس اقدام سے بخوبی آگاہ بھی تھی، لیکن 5 اگست 2019 سے قبل، عمران خان حکومت عملاً عالمی سطح پر بھارت پر پیشگی سفارتی دباؤ بڑھانے میں ناکام رہی۔
بھارت کی ممکنہ کارروائی پر کوئی عالمی تشویش پیدا کی گئی، نہ اس حوالے سے کشمیری قیادت سے کوئی مؤثر یا سنجیدہ روابط قائم کیے گئے۔
یہ بات بھی کھل کر سامنے آئی کہ عمران خان حکومت کی جانب سے ’ہر آپشن میز پر ہے‘ جیسے بیانات نے عوامی توقعات تو بڑھا دیں، لیکن عملی طور پر بھارت کے خلاف کوئی عسکری، سفارتی یا اقتصادی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔
نتیجتاً آر پار کشمریوں میں مایوسی پیدا ہوئیِ، تنازع کشمیر پس پشت چلا گیا اور بھارت کو مقبوٖضہ کشمیر پر اپنا جابرانہ قبضہ مزید مضبوط کرنے کے لیے عالمی سطح پر تسلیم شدہ خصوصی حیثیت ختم کرنے کا عملاً موقع مل گیا۔
یوں بھارتی حکومت نے آرٹیکل 370 اور 35- اے کو منسوخ کر کے جموں کشمیر کی نیم خودمختار حیثیت کو ختم کر دیا اور خطے کو 2 وفاقی علاقوں ’جموں کشمیر‘ اور ’لداخ‘ میں تقسیم کر کے بھارتی وفاق کے زیرِ انتظام کر دیا۔
بھارت نے کشمیر میں آبادی کے تناسب کو کم کرنے کے لیے 83 ہزار سے زیادہ غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل سرٹیفیکیٹس جاری کر دیے، جس سے یہ غیر کشمیری یہاں زمین خریدنے اور مقامی سطح پر نوکریاں حاصل کرنے کے اہل ہو گئے۔
کشمیری عوام اسے ہندو توا نظریے کا ایک عملی منصوبہ سمجھتے ہیں، جس کا مقصد خطے کی مسلم اکثریتی شناخت کو مٹانا ہے۔
آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ایک شدید مواصلاتی بلیک آؤٹ نافذ کر دیا، جس میں انٹرنیٹ، موبائل اور لینڈ لائن سروسز معطل کر دی گئیں۔ ہزاروں مزید فوجی دستے تعینات کیے گئے اور مقامی قیادت کو نظربند کر دیا گیا۔
بھارت کی مرکزی نریندر مودی حکومت کے زیر سایہ تشدد، جبری گمشدگیوں اور حراستی شہادتوں کی اطلاعات بڑھ گئیں۔3 لاکھ سے زیادہ بھارتی فوجی دستے شہری آبادیوں میں دن رات گشت کرنے لگے۔کرفیو، تلاشی آپریشنز، اور احتجاج پر پابندیاں عائد کر دی گئیں جس سے پورے کشمیر کا عملاً محاصرہ کر دیا گیا۔
بھارت ان اقدامات کو قومی خودمختاری اور سلامتی کا معاملہ قرار دے کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکتا رہا، لیکن یہ اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی تھے بلکہ شملہ معاہدے جیسے دو طرفہ معاہدوں کی بھی صریحاً خلاف ورزی تھے۔
اگرچہ چند بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھارت کے اس جابرانہ تسلط پر آواز اٹھائی، لیکن عالمی برادری کا ردعمل کمزور اور محتاط رہا ہے، کیونکہ اس وقت کی پاکستانی حکومت کی ناقص کارکردگی، حکمت عملی، کمزور سفارتی پالیسیوں اور اندرونی خلفشار کے باعث دنیا بھارت کو ایک بڑی معیشت اور عالمی پارٹنر کے طور پر دیکھ رہی تھی۔
اب موجودہ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر ایک مربوط، طویل مدتی اور عملی حکمتِ عملی اپناتے ہوئے مؤثر عالمی سفارت کاری کا راستہ اپنائے، آپریشن سندور میں ناکامی کے بعد بھارت کی سفارتی تنہائی سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے امریکا، چین، یورپی یونین اور روس جیسی عالمی طاقتوں سے اپنے سفارتی رابطہ اور تعلقات کو مزید مضبوط کرے۔
حکومت کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ میں خصوصی ایلچی کی تعیناتی کا مطالبہ کرے، بھارت پر کثیرالملکی سفارتی دباؤ پیدا کرنے کی کوشش کرے اورآزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی قیادت کو قریب لا کر انہیں عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سفارتی رول دینا چاہیے۔
بین الاقوامی میڈیا، انسانی حقوق کی تنظیموں کے ذریعے حقائق کو دنیا کے سامنے لانے چاہییں اور جہاں ممکن ہو وہاں بین الاقوامی عدالتوں میں قانونی چارہ جوئی کی جانی چاہییے۔
5 اگست 2019 کے بعد بھارت کے اقدامات نے کشمیر کے سیاسی، سماجی اور قانونی نقشے کو مکمل طور پر بدل دیا ہے۔ شملہ معاہدے کی بنیادی روح، بات چیت، عدم مداخلت اور طاقت کے استعمال سے گریز، سب پامال ہو چکے ہیں۔
اب حکومت پاکستان کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنی سفارتی حکمتِ عملی کو ازسرنو تشکیل دے، عالمی رائے عامہ کو متحرک کرے اور کشمیری عوام کی خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہو۔ تنازع کشمیر کا ایک منصفانہ، پُرامن اور کشمیریوں کی مرضی پر مبنی حل ہی خطے میں پائیدار امن کا ضامن ہو سکتا ہے۔
ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: عمران خان حکومت بین الاقوامی خصوصی حیثیت اقوام متحدہ شملہ معاہدے بھارت کے اس خلاف ورزی معاہدے کی آرٹیکل 370 کشمیر کی حکومت نے حیثیت کو بھارت کی کرنے کے یک طرفہ اگست 2019 کے لیے کے بعد کر دیا
پڑھیں:
بھارت ابھی تک پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت ابھی تک پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ پاکستان نے دنیا بھر میں سفارتی کامیابیاں حاصل کی ہیں جسے پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔
اسلام آباد میں ”پاکستان کی سفارتی کامیابیوں“ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے لئے سفارتی محاذ پر کام کرنے والوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دنیا تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان کا فارن سروس سب سے بہترین ہے، ہماری فارن سروس کی عظیم روایات ہیں جن پر ہمیں فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ ہماری فارن سروس روایات کو بخوبی آگے بڑھا رہی ہے، سفارت کاری ایک فن ہے جو صرف سیکھنے سے نہیں بلکہ تجربے اور محنت سے آتا ہے، فارن سروس کے افسران نے ہمیشہ پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا، پاکستان پر دہشت گردی کو فروغ دینے کا جھوٹا الزام لگایا گیا، پہلگام واقعے کے فوری بعد پاکستان پر الزام عائد کردیا گیا، پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے بھارت کو پہلگام واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی، دوست ممالک نے بھی پاکستان کے موقف کی تائید کی، سفارتی کوششوں کے باعث پوری دنیا سے ہمیں بھرپور حمایت ملی، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ہم نے اپنے سے چار گنا بڑی طاقت کو شکست فاش دی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ کی طرح جارحیت کا مرتکب رہا ہے، بھارت ابھی تک پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، ہمارے کوسٹ گارڈز نے بھارت کے لئے جاسوسی کرنے والے ملاح کو گرفتار کیا ہے جس نے بھارتی ایجنسیوں کے ہاتھوں استعمال ہونے کی تمام کہانی دنیا کے سامنے سنائی۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ جب ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہماری مسلح افواج نے منہ توڑ جواب دیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہم نے فتح حاصل کی، معرکہ حق میں ہماری فضائیہ کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب میں معاشی اسٹریٹجک فریم ورک کا اجراء انتہائی اہم پیشرفت ہے، اب ہمارا ہدف ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ ہے، وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ مضبوط روابط اور تجارت کے لئے پاکستانی بندرگاہوں کا استعمال ہماری ترجیح ہے، ہم نے معاشی میدان میں نئی بلندیوں کو چھونا ہے، دوست ملکوں کے ساتھ اقتصادی و تجارتی روابط مزید مضبوط بنانے ہیں۔