حکومت ماحولیات کے تحفظ کیلئے سنجیدہ نظر آ رہی ہے. لاہور ہائیکورٹ
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 اگست ۔2025 )لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ حکومت ماحولیات کے تحفظ کیلئے سنجیدہ نظر آ رہی ہے لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی، جس دوران ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز عدالت کے روبرو پیش ہوئے.
(جاری ہے)
دورانِ سماعت ایڈووکیٹ جنرل نے کینال روڈ یلو ٹرین منصوبے سے متعلق عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ منصوبے کا پی سی ون ابھی تک تیار نہیں کیا گیا، کینال روڈ سے متعلق فی الحال کوئی باضابطہ دستاویز یا ریکارڈ موجود نہیں امجد پرویز نے یقین دہانی کروائی کہ اگر حکومت مستقبل میں کینال روڈ پر یلو ٹرین منصوبہ لاتی ہے تو اس کا پی سی ون عدالت میں پیش کیا جائے گا. عدالت نے اس موقع پر واضح ہدایات جاری کیں کہ اگر ایسا کوئی منصوبہ پیش کیا جائے تو اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ درختوں کو نقصان نہ پہنچے، کینال روڈ پر موجود چھوٹے درخت اب بڑے ہو چکے ہیں، ان کی افزائش میں برسوں کی محنت شامل ہے اور یہ علاقہ قومی ورثہ قرار دیا جا چکا ہے. عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز کی سنجیدہ قانونی معاونت پر ان کی تعریف کی اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ماحولیات سے متعلق کافی سنجیدہ دکھائی دیتی ہے اور عملی اقدامات بھی کر رہی ہے. واضح رہے کہ عدالت یہ سماعت شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی جانب سے دائر کردہ درخواستوں پر کر رہی تھی جن میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے مثر حکومتی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے ماضی میں مسلم لیگ نون کی صوبائی حکومتوں کی جانب سے کینال روڈکے توسیعی منصوبوں کے دوران نہرکے کنارے سینکڑوں سال پرانے درختوں کی بڑے پیمانے پر کٹائی کا معاملہ بھی عدالتوں میں زیرسماعت رہا ہے. ماحولیاتی امورکے ماہرین بھی مسلم لیگ نون اور جنرل پرویزمشرف کے دور میں مسلم لیگ قاف کی پنجاب حکومتوں کو لاہور کوماحولیات اور آلودگی سمیت دیگر مسائل کا ذمہ دار ٹہراتے ہیں کیونکہ ان ادوار حکومت میں شہر کو بغیرکسی منصوبہ بندی کے توسیع دی گئی جس سے شہر کے چاروں طرف زرعی علاقے‘جنگلات اور آبائی ذخائرختم ہوتے گئے اور ان کی جگہ ہاﺅسنگ سوئیٹیاں بنتی گئیں اس کے علاوہ شہر میں ٹریفک کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی آج لاہور میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعدادایک کروڑکے قریب بتائی جاتی ہے جن میں نصف کے قریب موٹرسائیکلیں ہیں . ماہرین کا کہنا ہے کہ یورپ تقریبا ایک صدی پہلے بدترین ماحولیاتی آلودگی سامنا کرچکا ہے جب صنعتی ترقی اورگاڑیوں کی اچانک بہتات ہونے سے ماحولیاتی آلودگی نے پورے خطے کو لپیٹ میں لے لیا تھا آج یورپی ماہرین ٹریفک کو ماحولیاتی آلودگی کی ایک بڑی وجہ اسی لیے قراردیتے ہیں . انہوں نے کہاکہ یورپ نے اس سے سبق سیکھا اور ایندھن کے لیے معیار مقررکیا اسی طرح گاڑیاں بنانے والے کارخانوں کے لیے سخت ضوابط طے کیئے گئے جن کے تحت وہ گاڑیوں میں خصوصی آلات لگانے کے پابند ہیں جن سے آلودگی پھیلنے کے خطرات کم سے کم ہوں جبکہ یورپ میں ایندھن کے لیے مقررمعیار کو دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ملکوں نے بھی اپنایا تاہم پاکستان جیسے ملکوں میں حکومتیں ماحولیات کو مسلہ ہی نہیں سمجھتیں جس کی مثال نمائشی شجر کاری کی مہمات ہیں جن میں ایسے پودوں کو پرموٹ کیا جاتا ہے جن کا ہمارے ماحول‘زمین اور آب وہوا سے کوئی تعلق نہیں .
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے ماحولیاتی آلودگی کینال روڈ کے لیے
پڑھیں:
لاہور میں فضائی معیار کی شرح 500 تک پہنچ گئی
لاہور:پنجاب کے بیشتر شہر اس وقت شدید فضائی آلودگی اور اسموگ کی لپیٹ میں ہیں، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حدوں کو چھو رہا ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور، گجرانوالہ، شیخوپورہ اور قصور میں فضائی معیار کی شرح 500 تک پہنچ گئی ہے جبکہ بین الاقوامی ادارے آئی کیو ائیر کے مطابق گجرانوالہ میں اے کیو آئی 762 ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ ماحولیات کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں ایف ایف پاکستان 790، سول سیکرٹریٹ 770، ساندہ روڈ 718 اور بیدیاں روڈ 714 تک پہنچ گئی۔ شہر کے دیگر علاقوں بشمول برکی روڈ، شاہدرہ، کاہنہ، ملتان روڈ، جی ٹی روڈ، واہگہ بارڈر اور ایجرٹن روڈ پر بھی اے کیو آئی 500 کے قریب ریکارڈ ہوا۔ ڈی ایچ اے فیز 6 میں فضائی معیار 369، سفاری پارک میں 357 اور پنجاب یونیورسٹی میں 355 نوٹ کیا گیا۔
محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب (ای پی اے) کے مطابق آج صبح چار بجے کے بعد لاہور میں فضائی آلودگی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہونا شروع ہوا۔ اسموگ نگرانی و پیشگی نظام کے تحت ہوائیں اس وقت مشرقی و جنوب مشرقی سمت سے چل رہی ہیں، جس کے باعث بھارتی پنجاب کے علاقوں لدھیانہ، جالندھر، امرتسر اور ہوشیارپور سے آنے والا دھواں لاہور، قصور، ساہیوال، فیصل آباد اور ملتان کی فضا کو متاثر کر رہا ہے۔
بھارتی سرحد پار سے دھوئیں اور ذرات (PM₂.₅) کی آمیزش سے فضائی آلودگی مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ صبح کے اوقات میں ہوا کی رفتار نہایت کم (1 تا 3 میل فی گھنٹہ) رہنے سے آلودگی زمین کے قریب جمع ہے جبکہ دوپہر میں معمولی بہتری کی توقع ہے۔ شام اور رات کے وقت ہوائیں تیز (6 تا 8 میل فی گھنٹہ) ہونے سے آلودہ ذرات مزید اندرونِ پنجاب کی طرف منتقل ہونے کا خدشہ ہے۔
ماہرین کے مطابق درجہ حرارت میں الٹا تغیر (Inversion Layer) کے باعث ٹھنڈی ہوا زمین کے قریب معلق ہے، جس سے فضائی ذرات بکھر نہیں پا رہے۔ آج اوسط ائیر کوالٹی انڈیکس 330 سے 360 کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو عالمی معیار کے مطابق ’’انتہائی غیر صحت بخش‘‘ زمرے میں آتا ہے۔
محکمہ صحت نے شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس یا دل کے مریضوں کو رات 12 بجے سے دوپہر 12 بجے تک اور شام 7 بجے کے بعد باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ لاہور، فیصل آباد، اوکاڑہ اور ساہیوال میں فضائی معیار کے مزید بگڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
فضائی آلودگی کے انسداد کے لیے ای پی اے کی کارروائیاں بھی تیز کر دی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق ایک بڑے صنعتی یونٹ کو سیل توڑنے پر منہدم کر دیا گیا ہے، جہاں سے بھاری مقدار میں کاربن کے تھیلے اور ہتھیار برآمد ہوئے۔ گرفتار ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ محکمہ ماحولیات نے واضح کیا کہ یہ کارروائیاں اسموگ کے خاتمے کے لیے جاری مہم کا حصہ ہیں۔