17 اگست کو مون سون کے پہلے طاقت ور سسٹم کی سندھ میں آمد کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
غیر سرکاری موسمیاتی ادارے نے 17 اگست کو مون سون کے پہلے طاقت ور سسٹم کی سندھ میں آمد کا امکان ظاہرکردیا جب کہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اتنی دور کی پیشگوئی ممکن نہیں صورتحال مانیٹر کر رہے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق موسم کی پیش گوئی کرنے والے غیرسرکاری پلیٹ فارم ویدراپ ڈیٹ کے مطابق ایم جے ویو (بارش اور ہواؤں سے منسلک ایک استوائی نظام) کی آمد کے سبب بحیرہ عرب میں جنوبی پاکستان کے لیے مثبت ردعمل آنے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں راجستھان پر ایک کمزور سرکولیشن (گردش) بن سکتی ہے جوکہ 9 تا 10 اگست کے دوران سندھ کی جانب بڑھ سکتی ہے۔
غیر سرکاری موسمیاتی ادارے کے مطابق مذکورہ موسمیاتی صورتحال کی وجہ سے سمندری ہواوں کی روانی میں کچھ تعطل آسکتا ہے جس کے نتیجے میں کراچی سمیت سندھ بھرمیں درجہ حرارت بڑھنے اور حبس کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، سرکولیشن کی وجہ سے سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش ہوسکتی ہے، کراچی میں بھی اس سسٹم کے زیراثرکچھ موسمیاتی سرگرمیاں متوقع ہیں۔
غیرسرکاری سطح پر موسم کی پیش گوئی کرنے والے پلیٹ فارم نے17 اگست کو پہلے طاقتور مون سون کی سندھ میں داخل ہونے کی پیش گوئی کی ہے، مذکورہ صورتحال کے بارے میں محکمہ موسمیات کراچی کا کہنا ہے کہ مون سون کے 15 اگست تا 15 ستمبرکے دورانیے میں سسٹم کی آمد ایک معمول کی بات ہے مگر اتنی طویل پیش گوئی مون سون کے حوالے سے ممکن نہیں ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کا ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ 15 اگست تک کراچی میں کسی بھی تیزبارش جیسی صورتحال پیدا ہونے کا کوئی بھی امکان نہیں ہے، البتہ اس دوران ہلکی بارش اور پھوار کا سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مون سون کے پیش گوئی کی پیش
پڑھیں:
ماہانہ کتنے یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کومفت سولرسسٹم ملے گا؟
سندھ حکومت نے بجلی صارفین کو مفت سولر سسٹم دینے کا اعلان کردیا ،یہ سسٹم ماہانہ کتنے یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو ملے گا؟
تفصیلات کے مطابق بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں اور صاف توانائی کے فروغ کے پیش نظر سندھ حکومت نے ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے مفت سولر سسٹم فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ۔
یہ اقدام سندھ انرجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد کم آمدنی والے خاندانوں کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلانا ہے۔
اسکیم کے تحت اہل گھرانے 20 اگست 2025 تک مفت سولر پینلز کے حصول کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
صوبے بھر سے اب تک 1 لاکھ 23 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ اگر درخواست دہندگان کی تعداد دستیاب کوٹے سے تجاوز کر گئی تو مستفید ہونے والوں کا انتخاب شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔
ترجمان محکمہ توانائی کے مطابق یہ پروگرام صوبائی حکومت کی اس وسیع پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد قومی گرڈ پر انحصار کم کرنا، توانائی کے اخراجات میں کمی لانا اور قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
متعلقہ معیار پر پورا اُترنے والے شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنی درخواستیں جمع کرا کے اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔