اسلام آباد:

قومی اسمبلی نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔  

وزیر امور کشمیر امیر مقام نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے قرارداد پیش کی، جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔

قرارداد کے مطابق یہ ایوان بھارتی اقدامات کو جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیتا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے پر زور مذمت کرتا ہے۔ یہ ایوان آزاد کشمیر گلگت بلتستان سے متعلق بیانات کی بھی مذمت کرتا ہے۔

یہ ایوان اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل اور مبصرین کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔

شیخ وقاص اکرم کی غیر حاضری

قبل ازیں،  پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم کے 40 روز سے زائد ایوان سے غائب رہنے پر اسپیکر نے نوٹس لے لیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شیخ وقاص اکرم کے مسلسل ایوان سے غیر حاضر رہنے پر ایوان کو بتانا ضروری ہے، جو رکن بغیر بتائے ایوان سے غائب رہے اس کی نشست کسی رکن کی نشاندہی پر خالی قرار دی جا سکتی ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی 40 دن تک غیر حاضر ہو تو اسپیکر ایوان کے نوٹس میں لاتا ہے، آرٹیکل 64 کے تحت ایسے رکن کی نشست کو خالی قرار دے سکتا ہے۔

سیدہ نوشین افتخار نے آرٹیکل 64کی شق2 کے تحت شیخ وقاص اکرم کی رکنیت ختم کرنے کی تحریک ایوان میں پیش کی۔ ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ آپ کی درخواست پر رولز کے مطابق دیکھ لیں گے۔

عامر ڈوگر

پی ٹی آئی رکن عامر ڈوگر نے کہا کہ آپ نے ہمارے اراکین کو دس دس سال سزا دے دی، اگر سب کو باہر پھینک دیا تو یہ کہاں کا ایوان رہ گیا، دس اراکین اس ایوان سے اٹھائے گئے آپ نے ایکشن نہیں لیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ بتائیں میں نے پروڈکشن آرڈر جاری کیا یا نہیں۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ شیخ وقاص اکرم کی درخواستیں آپ کے دفتر میں آچکی ہیں، آپ نے ایم این ایز کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا اور بانی پی ٹی آئی جھکا نہیں اس لیے جیل میں ہے، جھک جاتے تو اس ایوان میں ہوتے اور اگر یہ سب کچھ کرنا ہے تو ایوان کو تالا لگا دیں۔

وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے اور آپ یوم استحصال عمران منا رہے ہیں، یہ یوم استحصال عمران کسی اور دن بھی منا سکتے تھے۔

اپوزیشن کو بولنے کا موقع نہ دینے پر اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیر امور کشمیر کی مسئلہ کشمیر پر قرارداد سن لیں۔

وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ یوم استحصال کشمیر پر قرارداد منظور کر لینے دیں پھر احتجاج کر لینا، جس پر اپوزیشن نے کشمیر پر قرارداد کے لیے احتجاج روکنے کی کوشش کی۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اس ایوان کی توقیر بڑھانے میں اور ایوان کو چلانے میں اپوزیشن کا بھی اتنا ہی کردار ہے جتنا حکومت کا ہے، وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کی کرسی پر جا کر کہا کہ آئیں بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج کی آڑ میں مسلح جتھوں کی یلغار ہوئی ہے، یہ یوم استحصال بانی پی ٹی آئی منا رہے ہیں، یوم استحصال کشمیر زیادہ اہم ہے یا یوم استحصال بانی پی ٹی آئی زیادہ اہم ہے؟

اپوزیشن ارکان کے شور شرابے کے باوجود وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلسل کشمیری عوام پہ مظالم ڈھا رہا ہے، بھارت نے غیر قانونی طور پہ آرٹیکلز370 اور 35اے کو یکطرفہ طور پہ ختم کر دیا۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بھارت نے ہزاروں نوجوانوں کو شہید کیا، بچوں کو یتیم کیا اور خواتین کو بیوہ بنایا۔ ان مظالم کے باوجود کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت کم نہیں ہو پائی۔

محمود خان اچکزئی

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آپ نے ایک ممبر کا اس لیے ریفرنس بھیجنے کا ارادہ ظاہر کیا کہ اس نے آئین کی پاسداری نہیں کی، آپ کسٹوڈین آف ہاؤس کی حیثیت کھو چکے ہیں کیونکہ آپ کی موجودگی میں آپ کے ممبران کو یہاں سے کھینچ کر نکالا گیا اور آپ نے ابھی تک اس پر کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ دو سال سے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ممبران دو دو تین گھنٹے انتظار کرتے ہیں، سپرنٹنڈنٹ جیل ان کو ملاقات کی اجازت نہیں دیتا، آپ کسٹوڈین آف ہاؤس ہونا چاہتے ہیں تو اس ایوان کی کمیٹی بنائی جائے، نہ آپ حرکت کرتے ہیں اور نہ چیئرمین سینیٹ حرکت کرتا ہے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ 20 گریڈ کے سپرنٹنڈنٹ کو نوکری سے نکالنا چاہیے، آئین کے پرخچے اڑائے جا رہے ہیں اور پیپلز پارٹی ساتھ دے رہی ہے، ہماری فوج، شہباز اور نواز سے کوئی دشمنی نہیں لیکن بانی پی ٹی آئی اس وقت ملک کے پاپولر لیڈر ہیں۔ آپ کو اسٹینڈ لینا چاہیے تھا کہ میرے ممبران کی درگت کیوں بنائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہاں پر نیتن یاہو کے خلاف قرارداد پاس ہونی چاہیے، نیتن یاہو کو بین الاقوامی عدالت انصاف میں لے جانا چاہیے، آئیں ہم سب توبہ کریں اور ایک دوسرے کو معاف کریں، ایک نئی سیاست کا آغاز کریں جس میں فیصلے یہ ایوان کرے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تمام صوبوں کو اپنے وسائل کا حق دیں، جس طریقے سے آپ باجوڑ پر چڑھ دوڑے ہیں اس سے خانہ جنگی ہوگی اور اگر خانہ جنگی ہوئی تو شہباز شریف کی حکومت ذمہ داری ہوگی۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ آپ سب کو اکٹھے بیٹھنا پڑے گا اور سب کو بات چیت کرنی پڑے گی، آپ نے مجھے پر میڈیا میں حملے کیے میں جواب نہیں دوں گا لیکن آپ سب کو بیٹھ کر بات چیت کر کے راستہ نکالنا پڑے گا۔

اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آج آپ کہہ رہے ہیں حکومت ٹھیک نہیں، اپریل 2022 میں ایک قرارداد آئی تھی اور ڈیڑھ منٹ میں وہ قرارداد مسترد کی گئی پھر اسمبلی توڑ دی گئی، آپ کو تحریک عدم اعتماد سے جان چھڑانا تھی۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہ کہیں کہ آپ کا کتا ٹامی ہے اور ہمارے کتا کتا ہے، کسی سیاسی مصلحت کے تحت اسمبلیاں تحلیل کر دی گئیں اور سیاستدانوں کو پہلی دفعہ سزا نہیں ہوئی۔ ہمیں بات چیت کے لیے کسی بند کمرے میں بیٹھنا پڑے گا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 26 ویں ترمیم جس شکل میں ہوئی، کیا گناہ کیا ہے؟ ایوان نے دو تہائی اکثریت سے منظور کی ہے، ساری دنیا میں ججز کی تعیناتی اس طرح ہوتی ہے، دس دس سال فوجداری مقدمات کے فیصلے نہیں ہوتے لیکن آپ سمجھتے ہیں کہ اس میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے اور آئیں بیٹھتے ہیں۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ 108 ترامیم کا مسودہ قانون و انصاف کی کمیٹی میں پڑا ہوا ہے، آئیں اس کا جائزہ لیں، آئیں وہاں سے شروع کرتے ہیں، ہم پہلے بھی تیار تھے اور آج بھی تیار ہیں، مسودے پھاڑنے سے مسئلے حل نہیں ہوتے، آئیں ڈائیلاگ کے لیے بیٹھیں۔

لطیف کھوسہ

لطیف کھوسہ نے کہا کہ وزیر قانون نے خوش آئند تجاویز دی ہیں لیکن پہلے تو دو دن کے واقعات پر بات کر لیں، ہماری مخصوص نشستیں جس طرح بانٹیں گئیں آپ کو حلف نہیں لینا چاہیے تھا۔ اسپیکر کا کام آئین کی بالادستی پر عمل ہے، ہمارے اراکین یہاں نہیں آ رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا وجود کشمیر کے بغیر نہ مکمل ہے اور مسئلہ کشمیر پر سب متفق ہیں، کاش ہم اپنے ملک کو بھی آزادی دلا سکتے، کاش ہم کہہ سکتے کہ ہماری مائیں بہنوں کی عزتیں محفوظ ہیں۔

راجا پرویز اشرف

سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا موقف کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، آصف علی زرداری ذمہ دارانہ سیاست نہ کرتے تو شاید آج یہ ایوان نہ ہوتا۔

وزیر دفاع

ایران اور عراق کے زائرین سے متعلق وزیر دفاع خواجہ آصف نے بیان دیا کہ حکومت نے بائی روڈ سفر پر پابندی لگائی ہوئی ہے لیکن بائی ایئر سہولت میسر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایرانی حکومت کو اجازت دی ہے کہ کوئٹہ سے فلائٹس چلا لیں، ابھی انہوں نے ایک فلائٹ چلائی ہے، ہم نے اشتہار دیا ہوا ہے کہ کوئی بھی پرائیویٹ جہاز چلانا چاہتا ہے ان کو بھی اجازت دی ہوئی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ لوگوں کو سہولت دینے کی ہم نے ہر ممکن کوشش کی ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے پارلیمنٹ میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے مطابق دو گھنٹے قومی اسمبلی اجلاس میں تقاریر کے بعد اڈیالہ جائیں گے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نو منتخب اراکین اسمبلی ثمر ہارون بلور اور سعیدہ جمشید سے حلف لیا۔

دونوں اراکین کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے، ثمر ہارون بلور اور سعیدہ جمشید مخصوص نشستوں پر منتخب ہوئی ہیں۔

Tagsپاکستان.

ذریعہ: Al Qamar Online

کلیدی لفظ: پاکستان اسپیکر قومی اسمبلی یوم استحصال کشمیر محمود خان اچکزئی انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آپ اس ایوان ایوان سے یہ ایوان کشمیر کے رہے ہیں کرتا ہے ہے اور

پڑھیں:

قومی اسمبلی نے غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی

ملک کے ایوان زیریں قومی اسمبلی میں غزہ کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔

رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے  غزہ کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی قرارداد پیش کی۔

پیش کردہ قرارداد کے متن کے مطابق ایوان اسرائیلی حکام کی جانب سے جاری جارحیت اور اشتعال انگیز اعلانات کی شدید مذمت کرتا ہے، غزہ کے عوام تک انسانی امداد کی ترسیل کو روکنا تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا  کہ ایوان عالمی برادری سے تمام فوری اور مناسب اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتا ہے اور انصاف اور حق خود ارادیت کے لئے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کرتاہے۔

قرارداد میں غزہ کے بہادر اور جرات مند عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • قومی اسمبلی نے غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی
  • قومی اسمبلی: غزہ کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کی قرارداد کثرت رائے سے منظور
  • یوم استحصال کشمیر، قومی اسمبلی میں بھارتی اقدامات کیخلاف قراردادیں متفقہ طور پر منظور
  • پنجاب اسمبلی میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے قرارداد متفقہ منظور
  • قومی اسمبلی میں یوم استحصال کشمیر پر قرارداد منظور
  • قومی اسمبلی میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پیش کی گئی مذمتی قراردادیں متفقہ طور پر منظور
  • یوم استحصال کشمیر: قومی اسمبلی میں بھارتی اقدامات کیخلاف قراردادیں متفقہ طور پر منظور
  • قومی اسمبلی: کشمیر میں بھارتی اقدامات کی مذمت میں دو قراردادیں متفقہ منظور
  • یومِ استحصال کشمیر: قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور، بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت