مستونگ میں دہشت گردوں کے حملے میں میجر سمیت 3 جوان شہید، جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 7th, August 2025 GMT
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے تین جوان شہید جبکہ 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 اور 6 اگست کی درمیانی شب، بھارتی پراکسی گروپ "فتنہ الہندستان" سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے مستونگ ضلع میں سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو دیسی ساختہ بارودی سرنگ (IED) سے نشانہ بنایا۔
حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے تین بہادر سپوت مادرِ وطن پر قربان ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابنِ امین، لانس نائیک محمد یونس، شہید ہو گئے۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ میجر رضوان شہید ایک دلیر افسر تھے جو دہشتگردی کے خلاف متعدد آپریشنز میں پیش پیش رہے اور ہمیشہ جوانوں کی قیادت فرنٹ لائن سے کی۔
واقعے کے بعد علاقے میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے چار بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک فوج بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
وزیراعظم کی مذمت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس کو خراج عقیدت پید کیا۔
وزیراعظم نے شہدا کی بلندی ء درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی جبکہ چار دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوان ملک کی حفاظت کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔
اُدھر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےی مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر رضوان طاہر، نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت کیا جبکہ شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ میجر رضوان طاہر، نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس نے فرض کی ادائیگی میں شہادت کا اعلی رتبہ پایا ہے، بہادر سپوتوں نے وطن کے لئے جان نچھاور کرکے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی اُن کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں نے جوانمردی سے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، فورسز نے بروقت کارروائی کرکے بھارتی حمایت یافتہ 4 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی بلوچستان میں قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔ انشاءاللہ قوم کی حمایت سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: لانس نائیک محمد یونس بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملے سیکیورٹی فورسز رضوان طاہر مستونگ میں پاک فوج کے نائیک ابن نے کہا کہ فورسز کی
پڑھیں:
کرک میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا حملہ، 4 ایف سی اہلکار شہید
خیبر پختونخوا ضلع کرک میں تھانہ گرگری کی حدود میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے نے ایف سی اہلکاروں کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق کرک کےعلاقے امان کوٹ توے میں تھانہ گرگری کی حدود میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے ایف سی اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔
ایف سی اہلکار فیلڈ سیکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور تھے اورگاڑی میں سوار ہو کرروانہ تھے کہ پہاڑ کی چوٹی پر پہلے سے گھات لگائے مسلح افراد نے اچانک حملہ کردیا، شدید فائرنگ کے نتیجے میں 4 اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نےعلاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے پہاڑی علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرک میں ایف سی اہلکاروں کی گاڑی پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی اور جام شہادت نوش کرنے والے 3 اہلکاروں اور ڈرائیور کو خراج عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ لانس نائیک محمود شاہ، سپاہی شاہد، سپاہی رؤف اور ڈرائیو شاہ پور نے شہادت کا بلند رتبہ پایا، شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید ہونے والے اہلکاروں کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، شہداء کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، شہداء کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔