سندھ حکومت اپنی بدعنوانیوں پر وقتاً فوقتاً عالمی اسناد بٹورتی رہتی ہے، ایم کیو ایم پاکستان
اشاعت کی تاریخ: 8th, August 2025 GMT
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ورلڈ بینک یا دوسرے کسی عالمی ادارے کی جانب سے ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کو اپنے کاندھے کا تمغہ بنانا سندھ حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے، حکومتی سطح پر تعلیم تعمیر صحت روزگار اور سفری سہولیات کے منصوبے سوائے کاغذوں کے کہیں نظر نہیں آتے۔ اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کراچی میں سفری سہولیات کی کمی اور ناگفتہ بہ صورتحال پر عالمی بینک کی رپورٹ کو سندھ حکومت کے منہ پر طمانچے کے مترادف قرار دے دیا۔ مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ بیان میں ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ وقتاً فوقتاً سندھ حکومت اپنی بدعنوانیوں پر عالمی اسناد بٹورتی رہتی ہے جس پر دس روپے کے بارہ ترجمان ببانگِ دہل دوسروں کو مورد الزام ٹھہراتے نظر آتے ہیں، اس بات سے قطع نظر کے ڈیڑھ دہائی سے زائد عرصے سے صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی بلاشرکت غیرے حکومت اور اٹھارویں ترمیم کے بعد تمام تر اختیارات پر یہی لوگ قابض ہیں، اتنے برسوں میں جدید تو دور دستیاب سہولیات بھی کسی مقصد خاص کے تحت شہری علاقوں کے عوام سے چھین لی گئی ہیں۔ متحدہ ترجمان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک یا دوسرے کسی عالمی ادارے کی جانب سے ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کو اپنے کاندھے کا تمغہ بنانا سندھ حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے، حکومتی سطح پر تعلیم تعمیر صحت روزگار اور سفری سہولیات کے منصوبے سوائے کاغذوں کے کہیں نظر نہیں آتے۔ ایم کیو ایم ترجمان نے مزید کہا کہ اِن متعصبانہ اطوار سے شہری علاقوں میں پکنے والے لاوے کا روکنا مستقبل میں سندھ حکومت اور اس کے حواریوں کے لئے ناممکن ہوگا۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ایم کیو ایم سندھ حکومت
پڑھیں:
پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر امن، استحکام اور انصاف کی حمایت کی ہے، گورنر سندھ
اپنے خصوصی پیغام میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ عالمی یومِ امن ہمیں انسانیت، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا سبق دیتا ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ اختلافات سے بالاتر ہو کر امن و اتحاد کے لیے کام کرے تاکہ ایک پرامن اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ اسلام ٹائمز۔ عالمی یومِ امن کے موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ امن صرف خاموشی کا نام نہیں بلکہ یہ عدل، برداشت اور مساوات کی بنیاد پر قائم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو نفرت نہیں بلکہ رواداری اور باہمی احترام کی ضرورت ہے، پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر امن، استحکام اور انصاف کی حمایت کی ہے اور بین الاقوامی سطح پر اس کا کردار امن کے فروغ میں مثبت اور متوازن رہا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عالمی یومِ امن ہمیں انسانیت، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا سبق دیتا ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ اختلافات سے بالاتر ہو کر امن و اتحاد کے لیے کام کرے تاکہ ایک پرامن اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔