پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے فیلڈ مارشل سے منسوب بیانات مسترد کر دیے
اشاعت کی تاریخ: 11th, August 2025 GMT
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان بھارت کی دیرینہ عادت کا عکاس ہے، جس میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کرتا ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت کا مبینہ ایٹمی بلیک میل کا بیانیہ گمراہ کن اور خود ساختہ دعویٰ ہے۔ پاکستان طاقت کے استعمال یا دھمکی دینے کی پالیسی کی سخت مخالفت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے جس کا جامع کمانڈ اور کنٹرول نظام مکمل طور پر سول نگرانی میں کام کرتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ ان اہم معاملات میں نظم و ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششیں عالمی سطح پر تسلیم کی گئی ہیں اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط ڈھال ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ کے الزامات حقیقت سے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
بلوچیستان : فیلڈ مارشل کی ہدایت پر منشیات کیخلاف مہم شروع ‘ پوست کی فصلیں تلف
کوئٹہ(آئی این پی )بلوچستان میں اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف ) اور مقامی اداروں نے پوست کی کاشت اور منشیات کے اڈوں کے خاتمے کے لئے بڑ ے پیمانے پر مہم کا آغاز کر دیا۔یہ مہم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور حکومت بلوچستان کی براہِ راست ہدایات کے تحت شروع کی گئی، اس مہم کا مقصد بلوچستان کو منشیات سے پاک کرنا اور اس ناسور کا مستقل طور پر خاتمہ کرنا ہے۔اس مہم میں منظم کارروائیوں کے دوران کئی علاقوں میں پوست کی فصلوں کو تلف کیا گیا ہے، منشیات کی پیداوار اور ترسیل میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئی ہیں۔منشیات کے نیٹ ورکس اور دہشتگردوں کے گٹھ جوڑ کو مکمل ناکام کرنے کیلئے متبادل روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے، روز گار کے متبادل ذرائع فراہم کر کے مقامی لوگوں کو دوبارہ منشیات کی کاشت سے روکا جائے گا۔منشیات، جرائم اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لئے موثر اور پائیدار حکمت عملی اپنانا وقت کی ضرورت ہے، یہ گٹھ جوڑ ہی اس تمام نیٹ ورک کو طاقت فراہم کرتا ہے، منشیات کے خلاف جنگ ایک قومی ذمہ داری ہے، اس جنگ میں حکومت، سکیورٹی اداروں اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ضروری ہے۔