پسینہ...انسانی صحت کا حیرت انگیز محافظ
اشاعت کی تاریخ: 11th, August 2025 GMT
روزمرہ زندگی میں پسینے کو عموماً پریشانی، شرمندگی یا محض گرمی کا نتیجہ سمجھا جاتا ہے۔ کسی تقریب یا دفتر کی میٹنگ میں اگر ماتھے پر پسینہ نمودار ہو جائے تو اکثر لوگ اسے صاف کرنے میں جت جاتے ہیں تاکہ دوسروں پر اچھا تاثر قائم رہے۔ مگر شاید ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ یہی ’’شرمندہ کر دینے والا‘‘ پسینہ درحقیقت قدرت کا انمول تحفہ ہے۔
یہ کہاوت ہمیں اکثر سننے کو ملتی ہے کہ کبھی دوسروں کو اپنا پسینہ نہ دکھاؤ مگر سچ یہ ہے کہ اگر یہ دِکھ بھی جائے، تو کوئی بات نہیں کیوںکہ ماہرین صحت کے مطابق انسان کا یہ حیاتیاتی ’’ایئر کنڈیشننگ سسٹم‘‘ نہ صرف جسم کو ٹھنڈا رکھتا ہے بلکہ بہت سے دیگر صحت مند فوائد بھی فراہم کرتا ہے۔ میڈیکل سائنس بتاتی ہے کہ انسانی جسم میں دو سے پانچ ملین تک پسینے کے غدود ہوتے ہیں، جو یہ ثابت کرتے ہیں کہ پسینہ آنا محض گرمی یا ورزش کے دوران ردِعمل نہیں بلکہ صحت کے مجموعی توازن کو برقرار رکھنے کا ایک قدرتی عمل ہے۔ لفظ ’’پسینہ‘‘ کی حقیقت کا جائزہ لیا جائے تو ہمیں معلوم ہو گا کہ یہ لاطینی لفظ پرِسپائر(perspire) سے آیا ہے، جس کا مطلب ہے ’’سانس کے ذریعے خارج ہونا‘‘۔
اگرچہ ہم سب جانتے ہیں کہ پسینہ جسمانی درجہ حرارت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور گرم ماحول یا جسمانی مشقت کے دوران جسم کو زیادہ گرم ہونے سے روکتا ہے، لیکن اس کے فوائد اس سے کہیں زیادہ بڑھ کر ہیں۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ پسینہ جسم کی صفائی، مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے، دل کی صحت میں بہتری، وزن کے نظم و نسق اور دائمی بیماریوں جیسے ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کے خطرے کو کم کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔ اگلی بار جب پسینہ آئے، تو سمجھیں کہ یہ آپ کے جسم کی جانب سے آپ کی صحت کے لیے کی جانے والی محنت کا ثبوت ہے۔
پسینہ کیا ہے؟
ماہرین طب کا کہنا ہے کہ پسینہ ایک مائع ہوتا ہے، جو جلد کے اندر موجود غدود سے خارج ہوتا ہے۔ امریکن کلیولینڈ کلینک کی بورڈ سرٹیفائیڈ ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر ریچل وارڈ کے مطابق ایک قطرہ پسینے میں99 فیصد پانی ہوتا ہے، جبکہ باقی 1 فیصد میں یوریا، یورک ایسڈ، امونیا، لیکٹک ایسڈ اور وٹامن سی جیسے اجزاء شامل ہوتے ہیں۔ (ان میں سے کئی اجزاء پیشاب میں بھی پائے جاتے ہیں، جو پسینے کے فضلہ خارج کرنے والے کردار کو ظاہر کرتے ہیں۔)
انسانی جسم میں دو اقسام کے پسینے کے غدود ہوتے ہیں
ایککرائن غدود: جو پورے جسم پر پھیلے ہوتے ہیں اور بخارات کے ذریعے جسم کو ٹھنڈا کرتے ہیں۔
اپوکرائن غدود: جو بغلوں اور دیگر حساس حصوں میں پائے جاتے ہیں، اور یہی غدود جسم کی بو پیدا کرتے ہیں کیونکہ یہ پسینہ زیادہ گاڑھا ہوتا ہے اور چربی پر مشتمل ہوتا ہے، یہ خاص طور پر ذہنی دباؤ کے دوران خارج ہوتا ہے۔
آئیے اب جانتے ہیں کہ پیسنے کے بڑے طبی فوائد کیا ہیں؟
جسمانی درجہ حرارت کو معتدل رکھنا
پسینے کا سب سے بنیادی کام جسمانی درجہ حرارت کو معتدل رکھنا ہے۔ کلیولینڈ کلینک کی ماہر غذائیات کنڈرا ویکلی، جو ورزش سائنس میں ماسٹر ڈگری رکھتی ہیں، کہتی ہیں کہ ’’پسینہ ہمارے جسم کا درجہ حرارت محفوظ حد میں رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ جسم کا زیادہ گرم ہونا خطرناک ہو سکتا ہے، اور پسینہ اسے ٹھنڈا کرتا ہے۔‘‘ جسم کے زیادہ گرم ہونے سے نہ صرف جسمانی مشقت مشکل لگنے لگتی ہے بلکہ دل کی دھڑکن بڑھ جاتی ہے اور خون کا بہاؤ عضلات اور دماغ تک محدود ہو جاتا ہے۔ نتیجتاً تھکن، ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی جیسے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
زہریلے مادوں کا اخراج
پسینے کے ذریعے زہریلے مادوں کے اخراج پر سائنسی حلقوں میں کچھ اختلاف موجود ہے۔ اگرچہ یہ بھاری دھاتوں جیسے نکل، سیسہ، تانبا اور آرسینک کو تھوڑی مقدار میں خارج کرتا ہے، لیکن کنڈرا ویکلی کے مطابق جسم کی اصل ’’ڈیٹاکس‘‘ یعنی زہریلے مداوں کے اخراج کی مشینیں جگر اور گردے ہیں۔
ماہر نفسیات ڈاکٹر ڈینیئل آمن، جو بارہ بار نیویارک ٹائمز کے بیسٹ سیلر مصنف بھی ہیں، کہتے ہیں کہ جب جسم کے قدرتی فلٹرنگ نظام پر بوجھ پڑتا ہے تو دماغی دھند اور تھکن جیسے علامات سامنے آتی ہیں۔ وہ تجویز کرتے ہیں کہ پسینہ، چاہے ورزش کے ذریعے ہو یا ساؤنا (بھاپ لینا) سے، جسم کو ڈیٹاکس کرنے کا سب سے قدرتی طریقہ ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق، ورزش کے دوران نکلنے والے پسینے میں بھاری دھاتوں کی مقدار ساؤنا کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔ یہ تحقیق 12 صحت مند یونیورسٹی طلبہ پر کی گئی، اس لیے مزید بڑے پیمانے کی تحقیق کی ضرورت ہے۔
دائمی بیماریوں کے خطرات میں کمی
ساؤنا کے فوائد صرف آرام دہ احساس تک محدود نہیں۔ فن لینڈ کے ڈاکٹرز کی ایک ریسرچ، جو Mayo Clinic Proceedings میں شائع ہوئی، اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ باقاعدہ ساؤنا سے مختلف بیماریوں کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔ ہائی بلڈ پریشر، دل کی بیماری، فالج، نسیانی عارضے، سانس کی بیماریاں، یہاں تک کہ عام زکام بھی ان بیماریوں میں شامل ہیں جن کے خلاف ساؤنا مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔ تحقیق بتاتی ہے کہ ساؤنا سے جسمانی سوزش، تناؤ، کولیسٹرول، خون کی نالیوں کی لچک اور اعصابی نظام میں مثبت تبدیلیاں آتی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر آمن کا مزید کہنا ہے کہ ’’جو لوگ سب سے زیادہ ساؤنا لیتے ہیں، ان میں الزائمر کا خطرہ سب سے کم ہوتا ہے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ ’’میں نے 2,50,000 دماغ اسکین کیے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ساونا سب سے مؤثر ڈیٹاکس ہے۔‘‘
جلد کی نمی اور لچک میں بہتری
کیا آپ نے محسوس کیا ہے کہ اچھی ورزش کے بعد جلد چمکنے لگتی ہے؟ پسینہ جلد کو قدرتی طور پر نم کرتا ہے اور اس کی ساخت اور لچک بہتر بناتا ہے۔ شکاگو کی ماہر امراض جلد ڈاکٹر کامنسکا کہتی ہیں ’’پسینے کے دوران خون کا بہاؤ جلد سمیت تمام اعضاء تک بڑھ جاتا ہے، جو آکسیجن اور غذائی اجزاء فراہم کرتا ہے اور جلد سے زہریلے مادوں کو نکالتا ہے، اور نتیجتاً ہماری جلد نرم اور ایک تازہ دم چمکتا چہرہ ہمارا منتظر ہوتا ہے‘‘
مدافعتی نظام کی مضبوطی
تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ پسینے میں ’’ڈرمیسڈن‘‘ نامی ایک قدرتی اینٹی بائیوٹک عنصر ہوتا ہے، جو جلد پر موجود نقصان دہ جراثیم کے خلاف حفاظتی تہہ کا کام کرتا ہے۔ اگرچہ پسینے کو طویل دیر تک صاف نہ کیا جائے تو جلد پر دانے یا الرجی ہو سکتی ہے، مگر اس کا ابتدائی کردار جسم کی دفاعی لائن کو مضبوط کرنا ہے۔ اسی طرح، بخار کے دوران آنے والا پسینہ اس بات کی علامت ہے کہ جسم وائرس یا بیکٹیریا سے لڑ رہا ہے، کیونکہ یہ جراثیم گرمی کے مقابلے میں کمزور ہوتے ہیں۔
مزاج میں بہتری
ورزش کے دوران آنے والا پسینہ دماغی کیمیکل ’’اینڈورفنز‘‘ خارج کرتا ہے، جو موڈ کو بہتر بناتے ہیں اور اکثر "رنر ہائی" جیسے خوشی کے احساس میں بدل جاتے ہیں۔Psychological Science نامی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق انسان خوشی کے وقت پسینے میں مخصوص خوشبودار کیمیکل خارج کرتا ہے جو دوسروں کے موڈ پر بھی مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔
نیند میں بہتری
پسینے کے حیرت انگیز فوائد میں ایک اہم فائدہ بہتر نیند کا حصول بھی ہے۔ اچھی اور گہری نیند نہ صرف ذہنی سکون فراہم کرتی ہے بلکہ جسم کے قدرتی نظام کو متوازن رکھنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ماہرین کے مطابق، دن بھر کی جسمانی سرگرمیاں، جو پسینہ لانے کا باعث بنتی ہیں، رات کو نیند کے معیار کو بہتر بنانے میں مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ جو افراد ہفتے میں کم از کم تین مرتبہ 30 منٹ تک ایسی ورزش کرتے ہیں جس کے نتیجے میں جسم پسینہ خارج کرے، ان میں نیند کے دورانیے اور معیار میں نمایاں بہتری آتی ہے۔ خاص طور پر ایسے افراد جو بے خوابی یا نیند کی خرابی جیسے مسائل کا شکار ہوں، ان کے لیے ورزش اور اس سے پیدا ہونے والا پسینہ ایک قدرتی علاج کے طور پر کام کرتا ہے۔ پسینہ آنے کے بعد جسمانی تھکن، ذہنی تناؤ میں کمی اور جسم کا درجہ حرارت متوازن ہو جاتا ہے، جو دماغ کو نیند کے لیے سازگار حالت میں لے آتا ہے۔ پسینے کے ذریعے جسم فالتو حرارت خارج کرتا ہے، جس کے بعد ٹھنڈک اور سکون کا احساس بڑھتا ہے اور یہ وہی حالت ہے جو گہری اور پْرسکون نیند کے لیے درکار ہوتی ہے۔ ل
ہٰذا، جب بھی جسم پسینے میں بھیگ جائے، چاہے وہ کسی کھیل، ورزش یا جسمانی مشقت کے نتیجے میں ہو، تو یہ صرف جسمانی فائدہ نہیں بلکہ نیند جیسی نعمت کے حصول کی جانب ایک قدم بھی ہوتا ہے۔ پسینہ، بظاہر ایک سادہ سی جسمانی کیفیت، درحقیقت ہماری راتوں کو پْرسکون بنانے والا خاموش محافظ ہے۔
کیا پسینہ نقصان دہ بھی ہو سکتا ہے؟
جہاں پسینے کے بے شمار فوائد ہیں، وہیں کچھ نقصانات بھی موجود ہیں۔
زیادہ پسینہ پانی کی کمی، جلد پر خارش یا گرمی دانوں کا سبب بن سکتا ہے۔
’’ہائپرہائیڈروسس‘‘ ایک ایسی حالت ہے جس میں جسم ضرورت سے زیادہ پسینہ خارج کرتا ہے، چاہے ماحول گرم ہو یا نہ ہو۔ یہ ہاتھوں، پاؤں، بغلوں یا چہرے تک محدود ہو سکتا ہے۔ ڈاکٹر وارڈ کہتی ہیں کہ اچانک یا شدید پسینہ آنا سنگین طبی مسائل جیسے دل کا دورہ، شوگر، تھائرائیڈ کے مسائل یا بعض اقسام کے سرطان کی علامت بھی ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر پسینے کی شدت بہت زیادہ ہو اور کوئی علاج مؤثر نہ ہو، تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: خارج کرتا ہے ہو سکتا ہے کہنا ہے کہ میں بہتری کہ پسینہ پسینے کے ہوتے ہیں جاتے ہیں کے دوران کے ذریعے کرتے ہیں کے مطابق میں بھی نے والا ورزش کے ہوتا ہے جاتا ہے نیند کے جسم کی ہیں کہ ہے اور جسم کو کے لیے گرم ہو
پڑھیں:
پاکستان کا آذربائیجان، آرمینیا کے درمیان امن معاہدے کا خیرمقدم
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے حل اور دنیا کے مختلف خطوں میں امن کے فروغ میں امریکی صدر کی کوششوں کا اعتراف اور تعریف کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ معاہدہ آذربائیجان اور آرمینیا سمیت پورے خطے کے لئے خوشحالی اور پائیدار امن کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ تاریخی لمحہ آذربائیجان کی قیادت کی دانشمندی کا عکاس ہے، یہ تاریخی لمحہ لمبے عرصے تک جاری رہنے والے تنازع کو پُرامن حل تک پہنچانے کی عکاسی کرتا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے حل اور دنیا کے مختلف خطوں میں امن کے فروغ میں صدر ٹرمپ کی کوششوں کا اعتراف اور تعریف کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ معاہدہ آذربائیجان اور آرمینیا سمیت پورے خطے کے لئے خوشحالی اور پائیدار امن کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔