کراچی: جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ سے 7 سالہ بچی کے قتل میں ملوث 3 ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 15th, August 2025 GMT
کراچی:
عزیزآباد پولیس نے جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ سے 7 سالہ بچی کے قتل میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے نائن ایم ایم پستولیں برآمد کرلیں۔
برآمد کی جانے والی پستول اور بچی کو لگنے والی نائن ایم ایم پستول کی گولی کا خول فارنزک رپورٹ کے لیے بھیج دیا گیا، رپورٹ سے معلوم ہو سکے گا بچی کو گولی کس اسلحہ سے چلنے والی گولی سے لگی تھی۔
جشن آزادی کے موقع پرعزیزآباد تھانے کی حدود مکان نمبر 1146 بلاک 8 ایف بی ایریا میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر 7 سالہ بچی مرہا عرف نیہا دختر وقاص جاں بحق ہوگئی تھی۔
واقعے کا مقدمہ عزیزآباد تھانہ میں درج کیا گیا، ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔
پولیس نے جدید CCTV فوٹیج اور ہیومن انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے ذریعے مقتولہ کی رہائشی گلی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 3 مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان میں سلمان سعید ولد سعید احمد، جہانزیب خان عرف کاکا ولد نسیم الرحمٰن اور رانا محمد دانش ولد محمد امین راجپوت شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان سے 3 نائن ایم ایم پستولیں بمعہ لوڈ میگزین برآمد کرلیے گئے، جاں بحق بچی کو بھی نائن ایم ایم پستول کی گولی لگی تھی۔
برآمد شدہ اسلحہ اور بچی کو لگنے والا گولی کا خول فارنزک ٹیسٹ کے لیے روانہ کردیا گیا ہے تاکہ میچنگ کی تصدیق ہوسکے۔
ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی نے کہا کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کریک ڈاؤن جاری ہے تاکہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
واضح رہے کہ 14 اگست کی شب 12 بجتے ہی شہر فائرنگ اور پٹاخوں سے گونج اٹھا تھا، شرپسندوں کی فائرنگ سے مذکورہ بچی اور ضعیف الممر شخص سمیت 3 افراد جاں بحق اور 114 زخمی ہوئے تھے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ہوائی فائرنگ نائن ایم ایم بچی کو
پڑھیں:
کراچی: 6 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا
فائل فوٹوکراچی میں جیکسن کے علاقے میں بچی سے مبینہ زیادتی کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ اسد رضا کے مطابق 6 سالہ بچی کی لاش آج دوپہر کو جیکسن کے علاقے سے ملی تھی، ملزم کی گرفتاری کے لیے جیسے ہی پولیس پہنچی، اُس نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم ہلاک ہوگیا، جس کے پاس سے اسلحہ برآمد ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کل دوپہر کو لاپتا ہوئی تھی، آج اس کی لاش ملی، ابتدائی پوسٹ مارٹم میں بھی بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی تھی۔