کراچی، مددگار 15 کی بروقت کارروائی، 2 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار، 19 موبائل فون برآمد
اشاعت کی تاریخ: 15th, August 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں مددگار 15 پولیس کی بروقت کارروائی سے دو اسٹریٹ کرمنلز گرفتار کر لیے گئے، جن کے قبضے سے 19 چھینے گئے موبائل فونز، ایک رکشہ اور دو پستول برآمد کر لیے گئے۔
ترجمان مددگار پولیس کے مطابق ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں سے موبائل فون چھینے تھے۔
تفصیلات کے مطابق نامعلوم ملزمان نے ایک شہری سے اس کا موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے تھے، جس پر متاثرہ شخص نے مددگار 15 سے رابطہ کیا۔
اطلاع ملنے پر مددگار 15 فیروزآباد یونٹ نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر متاثرہ شہری سے ابتدائی معلومات حاصل کیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق کالر کی نشاندہی پر موبائل فون کی لوکیشن ٹریس کی گئی، جو کہ گلستان جوہر کے قریب ایک ہوٹل کی ظاہر ہو رہی تھی۔
پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر چھاپہ مارا اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 19 مختلف کمپنیوں کے موبائل فونز، ایک رکشہ اور دو پستول برآمد کیے گئے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے یہ موبائل فونز شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کے دوران چھینے تھے۔
مددگار 15 پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: موبائل فون مددگار 15
پڑھیں:
کراچی، ماڈل کالونی میں اسٹریٹ کرائم کی واردات، سی سی ٹی وی فوٹیج ایکسپریس نیوز کو موصول
کراچی:شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں۔ ماڈل کالونی میں پیش آنے والی ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج ایکسپریس نیوز نے حاصل کر لی ہے۔
فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری گلی میں موٹر سائیکل پر بیٹھا ہوا تھا جب دو مسلح ڈاکو موٹر سائیکل پر آئے اور اسے اسلحے کے زور پر اطمینان سے لوٹ کر فرار ہو گئے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ واردات کے دوران ملزمان کو کسی قسم کی مزاحمت یا خطرے کا سامنا نہیں تھا۔ شہری سے موبائل فون، نقدی یا دیگر قیمتی سامان چھیننے کے بعد دونوں ڈاکو آرام سے جائے واردات سے چلے گئے۔