جشن یوم آزادی، ہوائی فائرنگ سے کمسن بچی سمیت 3 افراد جاں بحق، 114 افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 14th, August 2025 GMT
ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ رات شہر میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ کے واقعات میں 67 افراد زخمی ہوئے اور 3 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ اسلام ٹائمز۔ کراچی شہر میں یوم جشن آزادی کے موقع پر 13 اگست کی شب رات بارہ بجتے ہی شہر میں اسلحے کے بے دریغ استعمال اور اس کے نتیجے میں 114 شہریوں کے زخمی اور بچی اور بزرگ شہری سمیت 3 افراد زندگی سے محروم ہوگئے۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق یوم جشن آزادی کے موقع پر شہر میں کی گئی ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والے سب سے زیادہ 43 افراد کو عباسی شہید اسپتال لایا گیا، عزیز آباد سے ایک کمسن بچی جاں بحق ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ جناح اسپتال میں مجموعی طور پر 41 زخمیوں کو لایا گیا، کورنگی میں شہری اسٹیفن فائرنگ سے جاں بحق ہوا، سول اسپتال میں مجموعی طور پر 30 زخمیوں کو لایا گیا، کلری کے علاقے آگرہ تاج میں بھی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 70 سالہ شہری جمعہ جاں بحق ہوئے۔ ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ رات شہر میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ کے واقعات میں 67 افراد زخمی ہوئے اور 3 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ہوائی فائرنگ کے الزام میں 86 شرپسند عناصر کو گرفتار کرلیا، 68 غیر قانونی اسلحہ برآمد کر کے مجموعی طور پر 111 مقدمات درج کیے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ معصوم شہریوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے پر قتل اور اقدام قتل کے مزید مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ہوائی فائرنگ
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔