احتجاج و نعرے بازی، پی ٹی آئی کے 40 کارکنان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ
اشاعت کی تاریخ: 16th, August 2025 GMT
اسلام آباد:
سیشن کورٹ اسلام آباد نے فیصل ایونیو پر احتجاج اور نعرے بازی کے الزام پر گرفتار پی ٹی آئی کے 40 کارکنان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں فیصل ایونیو کے مقام پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے احتجاج اور نعرے بازی، سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمے کی سماعت ہوئی۔
پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے گرفتار 40 سے زائد کارکنان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ رضوان الدین نے سماعت کی۔ پولیس نے ملزمان کے 10 دن روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
ملزمان کے وکیل نے کہا کہ جس مقام کو جائے وقوع بنایا گیا ہے وہاں سی سی ٹی وی کیمرے موجود ہیں ان کی مدد سے دیکھا جا سکتا ہے کسی نے روڈ بند نہیں کیا، پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کو 2 روز قبل گرفتار کیا، ورکرز کو حبس بے جا میں رکھا گیا اور آج اس مقدمہ میں پیش کردیا۔
عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تمام ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، پولیس مقابلہ، ہاؤس رابری و کار لفٹنگ گینگ کے 5 زخمی ملزمان سمیت 7 گرفتار
کراچی:کراچی کے علاقے غریب آباد کے قریب ملیر سٹی پولیس اور ہاؤس رابری و کار لفٹنگ میں ملوث ڈکیت گروہ کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 ملزمان زخمی جبکہ مجموعی طور پر 7 کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق دیگر ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ گروہ شہر بھر میں ہاؤس رابری، گاڑی چوری اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث تھا۔
گشت پر موجود پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 ریپیٹر، 4 عدد 30 بور پستول، ایک کرولا کار، ایک موٹرسائیکل، متعدد موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کی سرگرمیوں اور دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے تفتیش جاری ہے۔