رضوان اور شان مسعود کو کپتانی سے ہٹانے کی خبروں پر پی سی بی کا موقف سامنے آگیا
اشاعت کی تاریخ: 25th, August 2025 GMT
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شان مسعود کو ٹیسٹ اور محمد رضوان کو ون ڈے کپتانی سے ہٹانے کی خبروں کی سختی سے تردید کردی۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق نہ تو شان مسعود کو ٹیسٹ کپتانی سے ہٹانے کی کوئی تجویز زیر غور ہے اور نہ ہی سعود شکیل کو ان کی جگہ کپتان بنانے کا کوئی ارادہ ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ محمد رضوان سے ون ڈے کپتانی واپس لینے کی خبریں بھی بے بنیاد ہیں۔ سلمان علی آغا کو ون ڈے کپتانی کے لیے زیر غور نہیں لایا گیا۔
ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے کپتانی میں تبدیلی کے حوالے سے کسی بھی معاملے پر کوئی غور نہیں کیا، کسی کھلاڑی کے کنٹریکٹ کی کیٹیگری میں بھی کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا۔
یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب سوشل میڈیا پر افواہیں شدت اختیار کر گئی تھیں کہ شان مسعود کی جگہ سعود شکیل کو ٹیسٹ کپتان بنایا جا سکتا ہے جبکہ رضوان کی ون ڈے قیادت بھی خطرے میں ہے۔
دوسری جانب پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سہ فریقی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان اپنی مہم کا آغاز 29 اگست کو افغانستان کے خلاف کرے گا۔ ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف دو، دو میچ کھیلے گی جبکہ ٹاپ دو ٹیمیں 7 ستمبر کو فائنل کھیلیں گی۔
اس سیریز کے بعد پاکستان کی نظریں ایشیا کپ 2025 پر ہوں گی جو 9 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے۔ ایونٹ میں 8 ٹیمیں دو گروپ میں تقسیم کی گئی ہیں۔
پاکستان گروپ اے میں بھارت، یو اے ای اور عمان کے ساتھ شامل ہے جبکہ گروپ بی میں بنگلادیش، افغانستان، سری لنکا اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلے گا جس کے بعد 14 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ہائی وولٹیج مقابلہ ہوگا۔ گرین شرٹس کا آخری گروپ میچ 17 ستمبر کو میزبان یو اے ای کے خلاف شیڈول ہے۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچز 20 سے 26 ستمبر تک ابوظہبی اور دبئی میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 28 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
زوبین گارگ کی اہلیہ نے شوہر کے ہاتھ سے لکھا ہوا آخری خط شیئر کردیا
بھارتی ریاست آسام سے تعلق رکھنے والے معروف آنجہانی گلوکار زوبین گارگ کی اہلیہ گریما گارگ نے اپنے مرحوم شوہر کا ہاتھ سے لکھا ہوا آخری خط سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔
گریما گارگ نے انسٹاگرام پر ایک تصویر کے ساتھ زوبین کا آخری خط شیئر کیا، جو دراصل ان کی آخری فلم ’’روئی روئی بینالے‘‘ کی تشہیری مہم کا حصہ تھا۔ یہ فلم 31 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔
پوسٹ کے ساتھ گلوکار کی اہلیہ نے جذباتی پیغام بھی لکھا ’تم نے 15 ستمبر کو اپنے چاہنے والوں کے لیے جو خطوط لکھے، ان کے ہر لفظ میں محبت جھلکتی ہے۔ مگر میرے دل میں ایک سوال مسلسل چل رہا ہے19 ستمبر کو کیا ہوا؟ کیسے اور کیوں؟ جب تک ان سوالوں کے جواب نہیں ملتے، سکون نہیں مل سکتا‘۔
زوبین گارگ کے ہاتھ سے لکھے گئے اس خط میں تحریر تھا: ’’ذرا انتظار کرو، میری نئی فلم آنے والی ہے۔ ضرور دیکھنے آنا۔ محبت کے ساتھ، زوبین دا۔‘‘
یا علی مدد علی گانے سے مشہور گلوکار کے مداح اس خط کو اور زوبین کی اہلیہ کے پیغام کو پڑھ کر گہرے دکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ زوبین گارگ 19 ستمبر کو سنگاپور میں اسکوبا ڈائیونگ کے دوران ہلاک ہوگئے تھے جس کی تاحال تحقیقات جاری ہیں اور گلوکار کے ساتھ جائے وقوعہ پر موجود افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
زوبین کی موت کی خبر نے ان کے چاہنے والوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کردیا تھا۔