پاک فوج کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 2 میجر سمیت 5 جوان شہید، آئی ایس پی آر
اشاعت کی تاریخ: 1st, September 2025 GMT
تربیتی پرواز کے دوران پاک فوج کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکارہوگیا جس کے نتیجے میں 2 افسران سمیت 5 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران ہُڈور گاؤں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، حادثہ صبح تقریباً 10 بجے پیش آیا، ہیلی کاپٹر تھکداس کینٹونمنٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر کریش لینڈنگ کے بعد تباہ ہوا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں موجود تمام عملہ جامِ شہادت نوش کر گیا، شہدا میں پائلٹ ان کمانڈ میجر عاطف، کو پائلٹ میجر فیصل، فلائٹ انجینئرنائب صوبیدار مقبول، کریو چیف حوالدار جہانگیر اور کریو چیف نائیک عامر شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا جب اسے تکنیکی خرابی پیش آئی، آرمی ایوی ایشن کی تربیتی پروازیں معمول کا حصہ ہیں تاکہ آپریشنل تیاری کو ہر وقت یقینی بنایا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ تربیت دفاعی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی و بحالی کے مشنز کے لیے بھی ناگزیر ہے، ملک کے دفاع اور عوامی خدمت کے ہر پہلو میں بھرپور تیاری یقینی بنائی جائے گی۔
وزیر اعظم، وزیرداخلہ کا واقعے پر اظہار افسوس
وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے علاقے تھک داس چھاؤنی کے قریب آرمی ایوی ایشن کے تربیتی ہیلی کاپٹر کے حادثے پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں وزیراعظم نے حادثے میں شہید ہونے والے میجر عاطف، میجر فیصل ، فلائیٹ انجینئر مقبول، حوالدار جہانگیر اور نائیک امیر کی بلندی درجات کی دعا کی۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور شہدا کے اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے پر اظہار افسوس کیا اور شہید ہونے والے پائلٹس میجر عاطف، میجر فیصل سمیت عملے کے 5 افراد کو خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے شہداء کے خاندانوں کے لئے صبر جمیل کی دعا۔
وزیرداخلہ نے شہید میجر عاطف، میجر فیصل، نائب صوبیدار مقبول، حوالدار جہانگیر اور نائیک عامر کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ جوانوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ہیلی کاپٹر پاک فوج
پڑھیں:
ملک کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، گنڈا پور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بنوں میں شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر عدنان اسلام کے گھر جاکر والدین سے تعزیت کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور منگل کے روز چند دن قبل بنوں میں شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر عدنان اسلم کے گھر گئے جہاں انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی اور ملک و قوم کے لیے میجر عدنان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، شہید میجر عدنان اسلم نے دہشتگردوں کا انتہائی جوانمردی سے مقابلہ کیا اور پوری قوم کو ایسے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔
وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ملک کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، ملک میں امن کے لئے سکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم فورسز کے ساتھ ہے۔