سعودی عرب میں 95واں قومی دن 23 ستمبر کو، عام تعطیل کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 8th, September 2025 GMT
ریاض: سعودی عرب میں 95واں یومِ قومی 23 ستمبر کو بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، اس موقع پر مملکت بھر میں شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کے لیے عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یومِ قومی دراصل اُس تاریخی دن کی یاد دلاتا ہے جب 1932 میں بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے فرمان کے تحت نجد اور حجاز کو متحد کرکے سعودی عرب کے نام سے ایک ریاست قائم کی گئی، یہ دن سعودی عوام کے لیے اتحاد، فخر اور قومی یکجہتی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
یومِ قومی پہلی بار 1965 میں فرمانروا شاہ فیصل کے دور میں منایا گیا تھا، 2005 میں شاہ عبداللہ کے شاہی فرمان کے بعد اس دن کو مستقل سرکاری تعطیل کا درجہ دے دیا گیا۔
اس سال یومِ قومی کا تھیم “ہمارا فخر ہماری فطرت میں ہے” رکھا گیا ہے، جسے جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی (GEA) نے جاری کیا, اس نعرے کا مقصد سعودی عوام کی ثقافتی اقدار، قدرتی ورثے اور مہمان نوازی، جرات، وقار، سخاوت اور بلند حوصلے جیسے اوصاف کو اجاگر کرنا ہے۔
تقریبات کے سلسلے میں ملک بھر میں شاندار آتشبازی، ڈرون شوز، سعودی ہاکس کے فضائی مظاہرے، ثقافتی پروگرام، روایتی رقص اور نمائشیں منعقد کی جائیں گی، ریاض، جدہ، دمام اور دیگر بڑے شہروں میں خصوصی تقریبات ہوں گی جبکہ اہم سرکاری و نجی عمارتوں کو سبز رنگ کی روشنیوں سے منور کیا جائے گا۔
یومِ قومی کے موقع پر سعودی شہری اور غیر ملکی باشندے سبز پرچم لہراتے اور قومی رنگوں میں ملبوس ہو کر اپنی خوشی اور عقیدت کا اظہار کریں گے, یہ دن نہ صرف سعودی عرب کے اتحاد کی علامت ہے بلکہ مستقبل کی ترقی اور استحکام کے عزم کی تجدید بھی ہے۔
خیال رہےکہ گزشتہ سال قومی دن پر لاکھوں افراد نے ریاض، جدہ اور دمام میں منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کی تھی، سعودی ہاکس کی ایروبیٹک پرفارمنس اور ڈرون لائٹ شوز نے عوام کو محظوظ کیا جبکہ تاریخی قلعوں، بازاروں اور ساحلی علاقوں میں ثقافتی میلوں کا انعقاد ہوا، اس موقع پر مختلف اداروں اور تنظیموں نے عوام کے لیے خصوصی رعایتی پیکجز بھی متعارف کرائے تھے، جنہیں زبردست پذیرائی ملی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کی فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کردیا گیا
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آرمی کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، ستارۂ بسالت کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دینے اور انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے جنرل عامر رضا کو ترقی اور نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ جنرل عامر رضا قومی سلامتی سے متعلق اس اہم ذمہ داری کو پیشہ ورانہ مہارت اور قومی عزم کے ساتھ انجام دیں گے۔
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا منصب ملک کی اسٹریٹجک صلاحیتوں اور قومی دفاعی حکمتِ عملی کے حوالے سے انتہائی اہم تصور کیا جاتا ہے جب کہ جنرل عامر رضا کی فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی کو پاکستان کی عسکری قیادت میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔