نجی کشتیاں سرکاری ریسکیو آپریشن کا حصہ بنیں گی،ڈی سی بہاولپور
اشاعت کی تاریخ: 10th, September 2025 GMT
بہاولپور میں حالیہ سیلاب کی سنگین صورتحال کے پیش نظر، ڈپٹی کمشنر نے ایک اہم اور فوری قدم اٹھاتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ نجی کشتیوں کو تحویل میں لے کر سرکاری ریسکیو آپریشن کا حصہ بنایا جائے۔ اس فیصلے کا مقصد سیلاب میں پھنسے لوگوں کو فوری اور مؤثر انداز میں محفوظ مقامات تک پہنچانا ہے۔
ڈی سی بہاولپور نے ریسکیو حکام کو واضح طور پر کہا کہ زیادہ سے زیادہ نجی کشتیاں استعمال کی جائیں تاکہ امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جا سکے اور متاثرین کو جلد از جلد نکالا جا سکے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سیلاب متاثرین کی جانب سے شکایات سامنے آئی تھیں کہ کچھ نجی کشتی مالکان اور بعض ریسکیو اہلکار متاثرہ لوگوں سے بھاری رقوم وصول کر رہے ہیں۔ شکایات کے مطابق، بعض مقامات پر ریسکیو کے لیے 25 سے 30 ہزار روپے تک طلب کیے جا رہے ہیں — جو کہ عام اور غریب شہری کی استطاعت سے باہر ہے۔
نجی چینل کے شو میں گفتگو کے دوران ایک سیلاب متاثرہ شخص کی ویڈیو نے دل دہلا دیا، جس میں وہ رو پڑا اور کہاکہ صبح 6 بجے سے یہاں کھڑا ہوں، میری فیملی پانی میں پھنسی ہوئی ہے، بھوکی پیاسی ہے، اور میں کچھ نہیں کر پا رہا۔ ایک کشتی چاہیے بس، لیکن یہاں تو 30 ہزار مانگ رہے ہیں۔
یہ دہائی اور عوامی دباؤ ہی ہے جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے یہ سخت لیکن ضروری اقدام اٹھایا، تاکہ نجی کشتیوں کا غلط استعمال روکا جا سکے اور تمام متاثرین کو بلا تفریق امداد فراہم کی جا سکے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: جا سکے
پڑھیں:
مظفرگڑھ: فلڈ ریلیف کیمپ میں بد نظمی سے کئی متاثرین کی حالت غیر ہوگئی
مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ میں بد نظمی سے کئی متاثرین کی حالت غیر ہوگئی ۔
علی پور میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول فلڈ ریلیف کیمپ میں اُس وقت شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی جب متاثرین کی بڑی تعدادکیمپ میں داخل ہوگئی۔
امدادی کیمپ پر سیلاب متاثرین کی دھکم پیل اور ہاتھا پائی سےکئی سیلاب متاثرین کی حالت غیر ہوگئی۔
متاثرین امدادی سامان کے لیے لڑ پڑے، اس دوران ہاتھ جو آیا لے کر چل پڑا، سیلاب متاثرین امدادی سامان لے گئے اورکیمپ خالی کردیا۔