اسرائیل نے دوحہ پر حملہ کرکے سفارتکاری کی توہین کی، قطری وزیراعظم کا سلامتی کونسل سے خطاب
اشاعت کی تاریخ: 12th, September 2025 GMT
نیو یارک: قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے دوحہ پر حملہ کرکے سفارتکاری کی توہین کی ہے اور یہ اقدام غزہ میں امن قائم کرنے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں قطری وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیلی حملے سے جانی و مالی نقصان ہوا اور یہ حملہ حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ جنگ بندی کی کوششوں کو بھی ناکام بنانے کی سازش ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ قطر اپنا ثالثی اور انسانی کردار جاری رکھے گا اور خونریزی کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر اپنی سفارتی کوششیں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے آگے بڑھائے گا۔
اس سے قبل امریکی میڈیا کو انٹرویو میں قطری وزیراعظم نے کہا تھا کہ اسرائیلی حملے کے باعث یرغمالیوں کی رہائی کی تمام امیدیں ختم ہوگئی ہیں اور ان کا مستقبل مزید خطرے میں پڑ گیا ہے۔
یاد رہے کہ 9 ستمبر کو اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر فضائی حملہ کیا تھا، جس میں حماس کی مرکزی قیادت محفوظ رہی لیکن خلیل الحیہ کے بیٹے سمیت 6 افراد شہید ہوگئے۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مشرق وسطی میں اسرائیل کی جارحیت کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے ،شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف کی قطر کے امیر سے ملاقات ہوئی،ملاقات میں ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلد مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم اور قطر کے امیر کے درمیان دو طرفہ ملاقات ہوئی۔وزیراعظم نے 9 ستمبر کو دوحہ کے رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے کی پاکستان کی شدید مذمت کا اعادہ کیا،وزیراعظم نے 9 ستمبر کو اسرائیل کے حملے کو قطر کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔وزیراعظم نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات تاریخی، دیرینہ اور پائیدار ہیں اور یہ آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشرق وسطی میں اسرائیل کی جارحیت کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے اسرائیلی اشتعال انگیزیوں کے پیش نظر امت کے اندر اتحاد بہت ضروری ہے،وزیراعظم نے دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس بلانے کے فیصلے کو سراہا۔