صیہونی فضائیہ کی تازہ کارروائیوں میں مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید
اشاعت کی تاریخ: 14th, September 2025 GMT
غزہ:
محصور غزہ ایک بار پھر اسرائیلی جارحیت کی لپیٹ میں آ گیا، جہاں اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز حملوں کی شدت میں خطرناک حد تک اضافہ کرتے ہوئے رہائشی علاقوں، پناہ گاہوں اور سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنایا۔
تازہ فضائی کارروائیوں میں 50 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 7 افراد بھوک کی شدت سے جان کی بازی ہار گئے۔
شمالی غزہ میں اسرائیلی فضائیہ نے رہائشی عمارتوں پر بمباری کی، جہاں ہر 10 سے 15 منٹ بعد حملے کیے گئے، جس کے باعث متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے کا بھی موقع نہ مل سکا۔
قطری خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے مسلسل پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا، جہاں ہزاروں بے گھر فلسطینی خواتین، بچے اور بزرگ پناہ لیے ہوئے تھے۔
ادھر غزہ کے جنوب مغربی علاقے میں اسرائیل نے پبلک پراسیکیوشن کی عمارت کو تین فضائی حملوں میں مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
وسطی غزہ کے بریج کیمپ میں ایک شہری شہید ہوا جبکہ فلسطینی اسٹیڈیم کے اندر بے گھر افراد کے خیمے پر بمباری سے چار افراد موقع پر شہید ہو گئے۔
خان یونس میں بھی فضائی حملے میں تین فلسطینی شہید ہوئے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
فلسطینی اسپتالوں کے ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ شدید بمباری، ادویات اور خوراک کی قلت، اور بجلی کی بندش نے طبی نظام کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اس صورتحال کو بدترین انسانی بحران قرار دے رہی ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے غزہ میں نسل کشی پر مبنی جنگی مہم کے لیے 8 ارب ڈالر کا بجٹ منظور کر لیا ہے، جو ایک خطرناک اور پریشان کن اشارہ ہے کہ جارحیت کا سلسلہ فوری طور پر رکنے والا نہیں۔
اسرائیلی افواج نے علاقے میں وارننگ پمفلٹ گرائے ہیں، جن میں خوفزدہ اور بھوکے فلسطینیوں کو اپنی جان بچانے کے لیے علاقوں سے نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔