ایشیا کپ سپر فور مرحلہ: بھارتی کپتان کی ڈھٹائی، پھر ہاتھ نہ ملایا، پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست
اشاعت کی تاریخ: 22nd, September 2025 GMT
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ٹی 20 ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹ سے ہرا دیا۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کی طرف سے ملے 172 رنز کے ہدف کو7 گیندوں قبل حاصل کر لیا، یہ ایونٹ میں پاکستان کی بھارت سے مسلسل دوسری شکست ہے۔ پاکستان نے 5 وکٹوں پر 171 رنز بورڈ پر سجائے۔ صاحبزادہ فرحان نے 58 رنز کی باری کھیلی، صائم ایوب اور محمد نواز 21، 21، فخر زمان 15 اور حسین طلعت 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سلمان علی آغا 17 اور فہیم اشرف 20 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ شیوم دوبے نے 2، ہاردک پانڈیا اور کلدیپ یادیو نے 1، 1 وکٹ حاصل کی جبکہ محمد نواز رن آئوٹ ہوئے۔ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما اور شبمن گل نے پہلی وکٹ پر 105 رنز کی شراکت قائم کی۔ شبمن گل نے 28 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔ 106 کے مجموعے پر پاکستان کو دوسری وکٹ کپتان سوریا کمار یادیو کی ملی، جو بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوئے۔ ابھیشیک شرما نے39 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی۔ سنجو سیمسن 13 رنز پر بولڈ ہو گئے۔ حارث رئوف نے 2، ابرار احمد اور فہیم اشرف نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ ابھیشیک شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایونٹ میں آج آرام کا دن ہے۔ پاکستان سپر فور مرحلے کا دوسرا میچ سری لنکا کیخلاف کل کھیلے گا۔ میچ کے ٹاس کیلئے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو اور پاکستانی کپتان سلمان علی آغا میدان میں اترے تھے، بھارتی کپتان سوریا کماریا دیو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ٹاس کے بعد روایتی طور پر ہاتھ نہیں ملایا، میچ ریفری کے فرائض اینڈی پائی کرافٹ نے ہی انجام دئیے۔ سوریا کمار یادو ٹاس جیتنے کے بعد روی شاستری سے فیصلے اور سکواڈ سے متعلق گفتگو کر کے منظر نامہ سے چلے گئے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی پاکستان، بھارت میچ میں ٹاس کے وقت بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا تھا، بھارتی کھلاڑیوں نے میچ کے اختتام پر بھی پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملایا تھا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: بھارتی کپتان نے پاکستان
پڑھیں:
کھلاڑیوں کو پاکستانی پلیئرز سے مصافحہ یا ہائی فائیو سے نہیں روکیں گے، ہاکی انڈیا
ہاکی انڈیا نے واضح کیا ہے کہ وہ آئندہ انٹرنیشنل یا کثیرالملکی مقابلوں میں اپنی سینئر یا جونیئر مرد و خواتین ٹیموں کو پاکستان کے کھلاڑیوں سے مصافحہ یا ہائی فائیو کرنے سے نہیں روکے گا۔
یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب گزشتہ ماہ ملائیشیا میں ہونے والے سلطان جوہر کپ کے دوران بھارتی جونیئر کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی پلیئرز کے ساتھ ہائی فائیو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد بھارت میں مختلف حلقوں نے اس عمل پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا
معاملہ اس لیے بھی زیر بحث آیا کہ حال ہی میں ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں بھارتی خواتین ٹیم نے بھی میچ کے بعد پاکستانی ٹیم سے روایتی مصافحہ نہیں کیا تھا۔
ہاکی انڈیا کے سیکریٹری بھولا ناتھ سنگھ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم ہمیشہ اولمپک چارٹر اور ایف آئی ایچ کے اصولوں پر کام کرتے ہیں، اسی لیے کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہم کرکٹ کی پیروی نہیں کرتے، جو کچھ کرکٹرز نے کیا وہ ان کا ذاتی فیصلہ تھا، ہم اولمپک چارٹر اور ایف آئی ایچ کے اصولوں کی پیروی کرتے ہیں۔