اقوام متحدہ اجلاس؛ متعدد ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرلیں گے؛ اسرائیل امریکا کا بائیکاٹ
اشاعت کی تاریخ: 22nd, September 2025 GMT
اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر نیویارک میں رکن ممالک کا سربراہی اجلاس آج فرانس اور سعودی عرب کی میزبانی میں ہوگا جس میں 6 ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی سربراہان کے اس اجلاس کا مقصد دو ریاستی حل کے لیے عالمی حمایت حاصل کرنا ہے۔ جس میں فرانس، بیلجیئم، لکسمبرگ، مالٹا، سان میرینو اور آندورا باضابطہ طور پر فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرلیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل برطانیہ، کینیڈا، پرتگال اور آسٹریلیا بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔
اسرائیل اور امریکا نے اس اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے جب کہ فلسطین اتھارٹی کے صدر محمود عباس بھی شریک نہیں ہو پائیں گے کیونکہ امریکا نے ویزے دینے سے انکار کر دیا۔
فلسطینی صدر محمود عباس اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی اجلاس میں بذریعہ ویڈیو اپنی شرکت کو یقینی بنائیں گے۔
اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر ڈینی ڈینون نے کانفرنس کو "سرکس" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دہشت گردی کو انعام دینے کے مترادف ہے۔
اسی طرح امریکی محکمہ خارجہ نے بھی مغربی ممالک کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلانات کو "محض نمائشی اقدامات" کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ترجیح اسرائیل کی سیکیورٹی، یرغمالیوں کی رہائی اور خطے میں دیرپا امن ہے۔
مغربی ممالک کا کہنا ہے کہ یہ وقت فیصلہ کن ہے اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو دو ریاستی حل ہمیشہ کے لیے دفن ہوسکتا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اسرائیل کی جنوبی لبنان پر بمباری، ایک شہید متعدد زخمی
BEIRUT:اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کے باوجود جنوبی لبنان پر بمباری کر کے ایک شہری کو شہید کردیا جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ جنوبی علاقے میں اسرائیل نے بمباری کی ہے، جس میں ایک شہری شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی دشمن کے حملے میں جنوبی ضلع طائر کے قصبے برج رحل میں ایک کار تباہ ہوئی، بیان میں شہید اور زخمی شہریوں کی شناخت کے حوالے سے وضاحت نہیں کی گئی ہے۔
لبنان کی سرکاری خبرایجنسی نے بتایا کہ حملہ ایک اسکول کے قریب کیا گیا، جس سے اسکول کے بچوں میں افراتفری پھیلی اور خوف و پریشانی میں والدین اسکول پہنچ گئے۔
یاد رہے کہ اسرائیل فوج کی جانب سے 27 نومبر 2024 کو جنگ بندی پر دستخط کیے گئے تھے لیکن اس کے باوجود لبنان پر بمباری تھمی نہیں ہے اور اس کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
اسرائیلی فورسز جنوبی لبنان کے 5 مقامات پر تعینات ہے اور روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ وہ حزب اللہ کے ٹھکانوں اور انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
رواں ہفتے کے شروع میں بھی جنوبی لبنان میں کیے گئے حملے میں 7 لبنانی شہید ہوگئے تھے، اس سے ایک روز قبل نباتیہ میں 4 افراد شہید ہوگئے تھے۔