تیراہ واقعہ: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا شہداء کے لواحقین کے لیے ایک ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 23rd, September 2025 GMT
پشاور:
واقعہ تیرہ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے پیر کے روز (تیراہ) ضلع خیبر کے وفد نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی ہے، وزیر اعلیٰ نے واقعے کے شہداء کے لواحقین کے لئے ایک ایک کروڑ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔
ایم این اے اقبال آفریدی، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد عابد مجید کمشنر پشاور اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں تیراہ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس ناخوشگوار واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ واقعے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ واقعے میں عام شہریوں کی شہادت افسوسناک اور قابل مذمت ہے،دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں عام شہریوں کی شہادت ناقابل قبول ہے۔
ملاقات میں آئندہ ایسے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لئے لائحہ عمل پر تفصیلی غوروخوص کیا گیا اور اس سلسلے میں علاقے کے منتخب عوامی نمائندوں، تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور علاقہ مشران پر مشتمل جرگے کی اعلیٰ عسکری حکام کے ساتھ ملاقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فیصلہ کیا گیا کہ عسکری حکام کے ساتھ جرگے کی ملاقات میں علاقے میں امن و امان کے لئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ باجوڑ کے طرز پر تیراہ میں بھی امن و امان کے قیام کے لئے حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ ملاقات میں علاقے میں امن کے لئے علاقہ عوام کا اعتماد حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ملاقات میں وزیر اعلی کیا گیا کے لئے
پڑھیں:
خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں کا ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کا اعلان
پشاور:خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں نے ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کردیا۔
صوبہ بھر کے بلدیاتی نمائندے 30 ستمبر کو پشاور میں صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے، بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔
ترجمان لوکل کونسلز ایسوسی ایشن عزیز اللہ خان مروت کے مطابق خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں نے مستحکم بلدیاتی نظام، عوام کو سماجی ومیونسپل سروسز فراہمی، عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے متعدد بار احتجاج کیا اور وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور سے مذاکرات کیے جس میں ہر بار بلدیاتی نمائندوں کو ان کے قانونی آئینی اختیارات کے ساتھ ساتھ ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کے وعدے کیے گئے مگر صوبائی حکومت اپنے کسی وعدے کو پورا نہیں کر سکی جس پر لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا نے ایک دفعہ پھر سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 30 ستمبر 2025 کو صوبائی اسمبلی کے سامنے بھرپور احتجاجی دھرنا شروع کیا جائے گا، خیبر پختونخواہ کے تمام میئرز تحصیل ولیج نیبر ہوڈ کونسل چیئرمینز و ممبران کو 30 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عزیز اللہ مروت نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں بلدیاتی نمائندگان پشاور کا رخ کریں گے اور ساتھ ہی ائندہ ہفتے بلدیاتی مسائل پر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد بھی متوقع ہے جس کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کے کنوینر ہارون صفت تحصیل چیئرمین پشتخرہ پشاور ہے جبکہ دیگر اراکین میں تحصیل چیئرمین ہمایون خان، تحصیل چیئرمین عادل خان، تحصیل چیئرمین غلام حقانی، تحصیل چیئرمین رفیع اللہ خان اور دیگر شامل ہیں۔