ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ‘ ملک بھر میں بجلی 19 پیسے یونٹ مہنگی
اشاعت کی تاریخ: 30th, September 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین کے لئے بجلی ایک ماہ کے لئے مہنگی کر دی گئی۔ ڈسکوز کے اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ سے متعلق نیپرا ہیڈ کوارٹر میں عوامی سماعت مکمل ہو گئی جس کے بعد اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ نیپرا اعلامیے کے مطابق عوامی سماعت چیئرمین نیپرا کی زیرصدارت ہوئی‘ جس میں سی پی پی اے جی کے عہدے دار‘ بزنس کمیونٹی‘ وزارت توانائی کے نمائندوں‘ صحافیوں اور عوام نے بھرپور شرکت کی۔ سی پی پی اے جی نے ایف سی اے کی مد میں 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست جمع کروائی تھی‘ اس کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لئے ہو گا۔ سی پی پی اے جی کے مطابق اس کا اطلاق ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن‘ پری پیڈ صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز پر ہو گا۔ نیپرا کے مطابق اتھارٹی نے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی آراء کو سنا‘ اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پنجاب میں تھری وہیلر الیکٹرک وہیکلز پلانٹ کا افتتاح
لاہور : وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے رائیونڈ میں تھری وہیلر الیکٹرک وہیکلز پلانٹ کا افتتاح کر دیا جبکہ الیکٹرک رکشہ کی تیاری کے مختلف مراحل کا مشاہدہ بھی کیا۔افتتاحی تقریب کے دوران چوہدری شافع حسین نے صنعت کاروں سے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت کا الیکٹرک وہیکلز سیکٹر کے فروغ پر فوکس ہے، صوبے کی ای وی پالیسی جلد آ رہی ہے جبکہ انوائرمنٹ کریڈٹ پالیسی پر بھی کام ہو رہا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چین سے ایک ہزار الیکٹرک بسیں منگوائی گئی ہیں، کوشش ہے الیکٹرک بسوں کا اسمبلنگ پلانٹ پنجاب میں لگے. الیکٹرک وہیکلز سیکٹر کے فروغ سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور انسداد اسموگ میں مدد ملے گی۔’مریم نواز نے سیالکوٹ میں 1400 ایکڑ بنجر اراضی پر انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس اسکیم کے تحت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلیے بلاسود قرضے دیے جا رہے ہیں۔ بزنس فیسلی ٹیشن سینٹرز کا دائرہ کار دوسرے شہروں تک بڑھایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں برسوں سے جاری رئیل اسٹیٹ کا کاروبار بند کروا دیا جبکہ پراپرٹی مافیا کا خاتمہ کر دیا، انڈسٹریل اسٹیٹس میں پالیسی کے تحت صنعتی یونٹس نہ لگانے والوں کے پلاٹ کینسل کیے جا رہے ہیں، بھاول پور انڈسٹریل اسٹیٹ میں پہلی بار 7 فیکٹریاں لگنے جا رہی ہیں. قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 6 نئے کارخانے لگنے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 3 بار چین کا دورہ کیا جہاں متعدد بڑے سرمایہ کار گروپوں سے سود مند ملاقاتیں ہوئیں، زرعی زمینوں کی حفاظت سب کی زمہ داری ہے کوشش ہے نئی انڈسٹریل اسٹیٹس بنجر زمینوں پر ہی بنیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت نے 6 اسپتال بنانے کے دعوے کیے لیکن ایک بھی نہ بنا سکی جبکہ موجودہ حکومت 2 سال کی مدت میں 2 اسپتال مکمل کر چکی ہے، مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے عوامی فلاح کیلیے تاریخ ساز اقدامات کیے۔