جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا
اشاعت کی تاریخ: 1st, October 2025 GMT
ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی سندھ نے کہا کہ معیشت کو بحال کرنے کا دعویٰ کرنے والی حکومت نے اندرونی اور بیرونی قرضوں کی وصولی میں پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، یہ تاریخ کی بدترین اور غریب دشمن حکومت ثابت ہوئی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے شہباز شریف حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد اور اسے ظالمانہ اور غریب دشمن فیصلہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت عوام پر مہنگائی کی بمباری کرنے کے بجائے اپنے شاہی اخراجات کو کم کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 4 روپے فی لیٹر اضافے سے مہنگائی اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، اس وقت موجودہ حکومت لیوی چارجز کی مد میں 100 روپے فی لیٹر سے زائد وصول کر رہی ہے جبکہ دیگر تمام ٹیکسز کو شامل کیا جائے تو یہ 277 روپے فی لیٹر کی قیمت کا 35 فیصد ٹیکس بنتا ہے جو کہ تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کو بحال کرنے کا دعویٰ کرنے والی حکومت نے اندرونی اور بیرونی قرضوں کی وصولی میں پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، یہ تاریخ کی بدترین اور غریب دشمن حکومت ثابت ہوئی ہے، حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سرکاری ملازمین سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سراپا احتجاج ہیں، حکومت اور معیشت کو قرضوں اور بھیک پر نہیں چلایا جا سکتا۔ انہوں نے حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ واپس لینے، شاہی اخراجات ختم کرنے اور سادگی اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے کا مطالبہ کیا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کی قیمتوں میں
پڑھیں:
جماعت اسلامی فلسطین کے حوالے سے امریکہ اسرائیل کا معاہدہ یکسر مسترد کرتی ہے، صابر حسین اعوان
جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے امیر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کا فلسطین سے متعلق حالیہ یکطرفہ معاہدے کی حمایت قائداعظم محمد علی جناح کے ویژن سے متصادم ہے۔ اسلام ٹائمز۔ سابق رکن قومی اسمبلی اور جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے قائمقام امیر صابر حسین اعوان نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے غزہ اور فلسطین میں قیام امن کے لئے پیش کئے گئے 20 نکاتی امن فارمولے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے حکومت پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ 65 ہزار سے زائد نہتے فلسطینیوں کے وحشیانہ قتل عام میں ملوث اسرائیل کے کسی بھی متنازعہ فیصلے یا تجویز کی قطعاً حمایت نہ کی جائے کیونکہ حالیہ معاہدے میں فلسطین کی اصل فریق حماس کو یکسر نظرانداز کیا گیا ہے اور فلسطین سے متعلق امریکہ سمیت کسی بھی حارجہ قوت کے یکطرفہ فیصلے کو پاکستانی قوم قطعاً قبول نہیں کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے قائمقام امیر صابر حسین اعوان نے مرکز اسلامی پشاور میں کل پاکستان اجتماعِ عام کے سلسلے میں منصوبہ بندی اور اہداف کی تقسیم کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں قائم مقام صوبائی جنرل سیکرٹری سہیل احمد بابر راہی، نائب امرائے صوبہ مولانا ہدایت اللہ، سید صہیب الدین کاکاخیل، ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا حنیف اللہ، امیر ضلع چارسدہ شاہ حسین ایڈوکیٹ سمیت اضلاع جنرل سیکرٹریز، ضلعی ناظمین، معاونینِ مالیات اور اضلاع کے دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں غزہ کی موجودہ صورتِحال کے حوالے سے متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی سرپرستی میں اسرائیل کی طرف سے معصوم فلسطینیوں کی نسل کُشی کو دو سال مکمل ہوگئے ہیں۔ ان دو سالوں میں غاصب اور دہشت گرد اسرائیل نے تمام عالمی قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہزاروں نہتے مسلمانوں کا قتلِ عام کیا ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے پیش کردہ 20 نکاتی معاہدے کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ معاہدہ اسرائیلی جارحیت کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاہدے میں غزہ کی اصل فریق حماس کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا ہے، جس سے اس امن معاہدے کی اہمیت نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے، جماعت اسلامی فلسطین کے حوالے سے دو ریاستی حل کو بھی مسترد کرتی ہے۔ حکومتِ پاکستان کی طرف سے اس معاہدے کی تائید انتہائی شرمناک ہے۔ حکومتِ پاکستان کا حالیہ موقف یا دو ریاستی حل کی تجویز پاکستان کے عوام کے جذبات کی ترجمانی نہیں کرتی کیونکہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے پہلے ہی دن سے اسرائیل سے متعلق جو موقف اپنایا ہے حکومت پاکستان کا حالیہ اقدام اس کے منافی ہے۔ فلسطین کے لیے کسی بھی فیصلے کا اختیار صرف غزہ کے عوام اور حماس کو ہے۔ حکومتِ پاکستان ان کے موقف کی تائید اور حمایت کرے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ہم غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے گلوبل صمود فلوٹیلا کی مکمل تائید و حمایت کا اظہار کرتے ہیں اور اقوامِ متحدہ و حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کو تحفظ فراہم کیا جائے کیونکہ غاصب اور دہشت گرد ریاست کی طرف سے شدید خطرہ لاحق ہے۔ گلوبل صمود فلوٹیلا کے شرکاء اور سینیٹر مشتاق احمد خان کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔جس نے پاکستانی قوم کی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے۔