تاریخ میں پہلی بار عالمی سطح پرسونے کی قیمت 4 ہزار ڈالر سے تجاوز کرگئی۔
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
تاریخ میں پہلی بار عالمی سطح پرسونے کی قیمت 4 ہزار ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گئی ہے۔ سونے کی قیمت میں اضافہ عالمی اقتصادی اور جغرافیائی غیریقینی صورتحال کے باعث ہوا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق سرمایہ کاروں نے محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونا خریدنا شروع کر دیا ہے۔ امریکی فیڈرل ریزَرو کی جانب سے شرح سود میں کمی کی توقعات بھی سونے کی قیمت میں اضافے کی وجہ قرار دی جا رہی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق 2025ء میں اب تک سونے کی قیمت عالمی سطح پر 52 فیصد بڑھ چکی ہے جبکہ 2024ء میں سونے کی قیمت میں عالمی سطح پر 27 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سونا عوام کی پہنچ سے دور، فی تولہ قیمت بلند ترین سطح پر
عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی دیکھے جا رہے ہیں، جہاں فی تولہ سونا 1500 روپے اضافے کے ساتھ 4 لاکھ 16 ہزار 778 روپے کا ہوگیا۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق منگل کو 10 گرام سونا 1286 روپے کے اضافے کے بعد 3 لاکھ 57 ہزار 319 روپے میں فروخت ہوا۔ گزشتہ روز پیر کو بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا، جب فی تولہ سونا 5400 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 15 ہزار 278 روپے پر پہنچ گیا تھا۔ عالمی منڈی میں بھی سونے کے نرخ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں سونا 15 ڈالر اضافے کے ساتھ 3955 ڈالر فی اونس پر جا پہنچا، جب کہ پریمیئم 20 ڈالر تک رہا۔اس دوران چاندی کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جو 20 روپے کمی کے بعد 4929 روپے فی تولہ پر آگئی۔ بین الاقوامی سطح پر اس وقت سپاٹ گولڈ 3960 ڈالر فی اونس کے قریب ٹریڈ ہو رہا ہے، جب کہ دن کے دوران یہ ایک نئی بلندی 3977 ڈالر 19 سینٹ تک پہنچ گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق رواں سال کے دوران سونا اب تک 51 فیصد مہنگا ہوچکا ہے، جس کی وجوہات میں مرکزی بینکوں کی بڑی خریداری، گولڈ ایکسچینج فنڈز کی مانگ میں اضافہ، کمزور ڈالر اور عالمی تجارتی و جغرافیائی کشیدگی شامل ہیں۔