ملک بھر میں گھریلو گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے ملک بھر میں گھریلو گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ مینیجنگ ڈائریکٹ ایس این جی پی ایل عامر طفیل نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ایل این جی کنکشنز کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، اور اب صارفین کو گھروں میں گیس کی فراہمی دوبارہ ممکن ہو گئی ہے۔ عامر طفیل نے بتایا کہ ایس این جی پی ایل کے ہیڈ آفس میں ایک خصوصی مانیٹرنگ یونٹ قائم کیا گیا ہے جبکہ ریجنل سطح پر بھی مانیٹرنگ یونٹس تشکیل دے دیے گئے ہیں تاکہ صارفین کی درخواستوں پر فوری کارروائی کی جا سکے۔ اس مقصد کے لیے کمپنی نے ایک ہیلپ لائن نمبر 0800 بھی مختص کر دیا ہے۔ ایم ڈی عامر طفیل کے مطابق دو لاکھ 45 ہزار صارفین کے ڈیمانڈ نوٹس پہلے ہی جمع تھے، ان تمام افراد کو خطوط جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے کنکشنز کی تنصیب مکمل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی ترجیح انہی صارفین کو دی جائے گی جنہوں نے پہلے سے رقم جمع کرائی تھی، تاہم خواہش مند صارفین ارجنٹ فیس جمع کرا کر جلدی کنکشن بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ عامر طفیل نے بتایا کہ اس سال تین لاکھ نئے کنکشنز دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اگلے سال سے ہر سال چھ لاکھ نئے کنکشنز فراہم کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق ایل پی جی سلنڈر ہماری ایل این جی سے تقریباً 30 فیصد مہنگا ہے، اس لیے اب صارفین کو مہنگے سلنڈر خریدنے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ گیس براہِ راست گھروں تک پہنچے گی۔ ایم ڈی ایس این جی پی ایل نے مزید کہا کہ ایل این جی مہنگی ضرور ہے، لیکن اگر سوچ سمجھ کر استعمال کی جائے تو یہ صارفین کے لیے معاشی بوجھ نہیں بنتی۔ ان کے مطابق ایم ایم بی ٹی یو ایل این جی کی قیمت 3200 روپے مقرر کی گئی ہے۔ عامر طفیل نے بتایا کہ ایس این جی پی ایل نے اپنے یو ایف جی (گیس کے ضیاع) کے نقصانات کو کم کرتے ہوئے صرف 5 فیصد تک محدود کر دیا ہے، جو کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کا مقصد صارفین کو سہولت دینا، شفافیت بڑھانا اور گیس کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا ہے تاکہ توانائی کے وسائل مؤثر انداز میں عوام تک پہنچ سکیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ایس این جی پی ایل عامر طفیل نے ایل این جی صارفین کو کہا کہ
پڑھیں:
کیچ، ضلعی انتظامیہ کیجانب سے بغیر اجازات عوامی اجتماع پر پابندی عائد
ڈی سی کیچ کیجانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر منعقد کیے گئے اجتماعات غیر قانونی تصور ہونگے اور اس عمل کے مرتکب افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع کیچ میں ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی قسم کے جلسے جلوس اور ریلی کے لئے انعقاد کے لئے اجازت نامہ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیچ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کسی بھی تنظیم یا جماعت کو این او سی کے بغیر جلسہ یا ریلی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر منعقد کیے گئے اجتماعات غیر قانونی تصور ہوں گے اور اس عمل کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے تمام ضلعی و تحصیل افسران اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اس فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔