راولپنڈی: علیمہ خان سمیت 10 ملزمان پر فرد جرم عائد
اشاعت کی تاریخ: 15th, October 2025 GMT
— فائل فوٹو
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان سمیت 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں علیمہ خان پر 26 نومبر کے احتجاج پر تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔
اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے مقدمے کی سماعت کی، جبکہ علیمہ خان اپنے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ عدالت پہنچیں۔
علیمہ خان سمیت 10ملزمان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں 26 نومبر ڈی چوک احتجاج کا مقدمہ درج ہے۔
علیمہ خان نے آج اینٹی ٹیررازم ایکٹ کی سیکشن 23 کے تحت عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلینج کیا۔
علیمہ خان کی دائر درخواست پر پراسیکیوشن نے دلائل دیے۔
دورانِ سماعت پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزمہ کی جانب سے عدالت کے دائرہ اختیار چیلنج کرنے سے ٹرائل نہیں روکا جاسکتا۔ مقدمے میں نامزد 9 ملزمان کو سزائیں ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کی درخواست قابل سماعت نہیں۔
عدالت نے علیمہ خان سمیت 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
عدالت نے استغاثہ کے 5 گواہان کو بیانات قلمبند کرنے کے لیے 17 اکتوبر کو طلب کرلیا۔ علیمہ خان کی دائر درخواست پر وکلاء صفائی 17 اکتوبر کو دلائل دیں گے۔
واضح رہے کہ علیمہ خان پر کارکنان کو احتجاج پر اُکسانے اور کار سرکار میں مداخلت کا الزام ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: علیمہ خان سمیت خان کی
پڑھیں:
26نومبر احتجاج، علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے
بانی پی ٹی آئی کی بہن عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، حاضری معافی کی درخواست مسترد کردی
26 نومبر احتجاج کے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر ڈی چوک احتجاج کیس کی سماعت کی، اس دوران عدالت نے علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔تھانہ صادق آباد احتجاج کیس میں آج علیمہ خان پر فرد جرم عائد ہونا تھی، تاہم علیمہ خان عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، جس پر عدالت نے حاضری معافی کی درخواست مسترد اور وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کل علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے ریمارکس دیٔے کہ طلبی کے باوجود بار بار پیش نہ ہونا عدالتی امور میں رکاوٹ ڈالنا ہوتا ہے، عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے آرڈرز فوری تفتیشی افسر کو فراہم کرنے کا حکم دیا۔پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے ساتھ پولیس ٹیم اڈیالہ جیل جائے گی، علیمہ خان توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کیلئے اڈیالہ جیل پہنچ رہی ہیں، جیل سماعت کے بعد علیمہ خان کی گرفتاری یا وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائی جائے گی۔