انسداد دہشتگردی عدالت کا علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم
اشاعت کی تاریخ: 17th, October 2025 GMT
راولپنڈی:
انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔
تھانہ صادق آباد میں 26 نومبر احتجاج کے سلسلے میں درج مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو ہوئی، جس میں علیمہ خان کی عدم حاضری پر گواہان کے بیان ریکارڈ نہ ہوسکے ۔
عدالت نے علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے 19 اکتوبر عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔
دورانِ سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ علیمہ خان آپ کی ضمانت کیوں نہ منسوخ کی جائے ؟ مسلسل غیر حاضری عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔ کیوں نہ علیمہ خان کی ضمانت مچلکہ کی رقم ضبط کرلی جائے؟۔
بعد ازاں عدالت نے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 19 اکتوبر کو عدالت میں طلب کرلیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد مارے گئے، مرد و خواتین خودکش بمبار گرفتار
سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں انٹیلیجنس بیسڈ مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، مستونگ کے علاقہ کھڈ کوچہ میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد مارے گئے۔
سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران متعدد دہشتگرد گرفتار کیے گئے، گرفتار دہشتگردوں میں سہولتکار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں، کارروائی میں دہشتگردوں کےمتعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار ہے، دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مستونگ کے علاقہ کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز تیز کر دیے گئے، دہشت گردی کے خاتمے اور علاقے میں امن و امان کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔