کسٹمز انفورسٹمنت اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کی غیرملکی اشیا برآمد
اشاعت کی تاریخ: 18th, October 2025 GMT
کراچی:
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے ماتحت ادارے کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی اور سندھ رینجرز نے مشترکہ چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئےکروڑوں روپے کی غیر ملکی اشیا برآمد کرلیں۔
ایف بی آر کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ)، کراچی کی اے ایس او ٹیم نے قابل اعتماد ذرائع سے اطلاع ملنے پر سندھ رینجرز کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 16 اور 17 اکتوبر 2025 کی درمیانی شب اسمگل شدہ غیر ملکی سگریٹس،گٹکا اور دیگر ممنوعہ اشیا کی غیرقانونی تجارت کرنے والوں کے خلاف بڑا آپریشن کیا۔
کارروائی سے متعلق بتایا گیا کہ یہ کارروائی سہراب گوٹھ کراچی میں واقع الاصف اسکوائر کے قریب دکان نما گوداموں میں کی گئی جہاں سے اسمگل شدہ اشیا کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ برآمد شدہ سامان میں مختلف برانڈز کی غیر ملکی سگریٹس کے 8509 ڈنڈے، مختلف برانڈز کےغیر ملکی گٹکے کے 1829 پیکٹ، بھارتی ساختہ نسوار کے 327 پیکٹ اور ایرانی خوردنی تیل کی 92 بوتلیں شامل ہیں۔
ایف بی آر نے بتایا کہ ضبط شدہ اشیا کی مجموعی مالیت کا تخمینہ تقریباً تین کروڑ 26 لاکھ 3 ہزار 550 روپے لگایا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ کسٹمز انفورسمنٹ اسمگلنگ کی روک تھام اور قومی معیشت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور غیر قانونی تجارت میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پی ایس ایکس: رواں ہفتے کاروبار کی مالیت 277.87 ارب روپے رہی
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے ہونے والے کاروبار کے اعداد و شمار سامنے آگئے۔پی ایس ایکس 100 انڈیکس ایک ہفتے میں 708 پوائنٹس اضافے سے 163806 پر بند ہوا جب کہ کاروباری ہفتے میں انڈیکس 9883 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔100 انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح 167561 اورہفتہ وار کم ترین سطح 157678 رہی۔اس کے علاوہ کاروباری بازار میں ایک ہفتے میں 9.13 ارب شیئرز کے سودے ہوئے اور شیئرز بازار کے ہفتہ وار کاروبار کی مالیت 277.87 ارب روپے رہی۔مارکیٹ کیپٹلائزیشن ایک ہفتے میں 57 ارب روپے اضافے سے 18968 ارب روپے ہوگئی۔