Express News:
2025-12-10@04:56:08 GMT

ٹی ایل پی پر پابندی، فرسٹ شیڈول کیا ہے؟

اشاعت کی تاریخ: 24th, October 2025 GMT

اسلام آباد:

وفاقی وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو کالعدم قرار دینے کا نوٹیفکیش جاری کرتے ہوئے فرسٹ شیڈول میں شامل کیا ہے اور اس کے بعد وزارت قانون اس حوالے سے ریفرنس سپریم کورٹ کو بھجوائے گی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت سمجھتی ہے کہ تحریک لبیک پاکستان دہشت گردی میں ملوث ہے اور وزارت داخلہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن 11 بی کی ذیلی شق ون اے کے تحت ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دیا ہے اور اس سے فرسٹ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔

قانونی ماہرین کے مطابق فرسٹ شیڈول انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت ایسی تنظیموں یا جماعتوں پر مشتمل ہوتا ہے جنہیں کالعدم قرار دیا گیا ہو اور فرست شیڈول میں شامل کی گئیں جماعتوں پر پابندیاں عائد کر دی جاتی ہے۔

فرسٹ شیڈول میں شامل جماعتوں کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوتی ہے، فرسٹ شیڈول میں شامل تنظیم کا ہر قسم کا فعال ہونا، دفاتر کھولنا، جلسے جلوس، یا کسی بھی سرگرمی میں شریک ہونا غیر قانونی قرار دیا جاتا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ فرسٹ شیڈول میں شامل جماعتوں یا تنظیموں کے فنڈز اور مالی وسائل پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے، تنظیم کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے جاتے ہیں اور چندہ جمع کرنے یا مالی امداد لینے اور دینے پر پابندی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ایل پی کالعدم جماعت قرار؛ حکومت نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

فرسٹ شیڈول میں شامل کالعدم تنظیم کے رہنماؤں اور فعال افراد پر ملک سے باہر جانے یا آنے پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے،کالعدم تنظیم کا میڈیا پر پرچار، ویڈیوز، بیانات یا سوشل میڈیا پر سرگرمیاں بھی ممنوع ہوتی ہیں۔

اسی طرح اخبارات، چینلز یا سوشل پلیٹ فارمز کو ان کی کوریج سے روکا جاتا ہے، تنظیم سے وابستہ افراد کی نگرانی، رہنماؤں اور کارکنوں کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا جا سکتا ہے تاکہ ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔

فرسٹ شیڈول ری برانڈنگ پر بھی پابندی عائد کی جاسکتی ہے، اگر کالعدم تنظیم کوئی نیا نام اختیار کرے تو وہ بھی خلاف قانون تصور ہوتا ہے، اگر تنظیم اپنی سرگرمیاں جاری رکھتی ہے تو اس کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج ہو سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ حکومت نجاب کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی درخواست کی گئی تھی، صوبائی حکومت کی درخواست پر گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دینے کی منظوری دی تھی اور اس کے بعد وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: فرسٹ شیڈول میں شیڈول میں شامل کی کالعدم قرار وزارت داخلہ پر پابندی ٹی ایل پی

پڑھیں:

کراچی سے اربوں روپے کا ریونیو حاصل کرنے کا ایک اور منصوبہ بنا لیا گیا

کراچی:

کراچی سے اربوں روپے کا ریونیو حاصل کرنے کا ایک اور منصوبہ بنالیا گیا، ادارہ ترقیات کراچی نے غیر اعلانیہ ٹارگیٹیڈ کارروائیوں کی تیاریاں مکمل کرلیں، تبدیلی استعمال اراضی پر شہر کے ہزاروں پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا، افسران نے شہر میں بڑی کارروائی کیلئے نوٹسز کا ڈرافٹ تیار کرنا شروع کردیا، مس یوز آف پلاٹس پر شروع کی جانے والی کارروائیوں کے لیے افسران نے تیاری کرلی ہے، ممبر ایڈ منسٹریشن کی نگرانی میں نوٹسز کا ڈرافٹ اور آپریشن کا لائحہ عمل طے کیا جارہا ہے۔

انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق ادارہ ترقیات کراچی نے شہر قائد میں تبدیلی استعمال اراضی (مس یوز آف پلاٹس) پر غیر اعلانیہ طور پر بڑی کارروائیاں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے افسران نے مذکورہ کارروائیوں کو مبینہ طور پر غیر اعلانیہ طور پر ٹارگیٹیڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کے ڈی اے کے اندرونی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ادارے کے ایک سابق ریٹائرڈ ڈائریکٹر مس یوز آف پلاٹ کے نوٹسز جاری کرکے شہر سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے بٹور کر روانہ ہوچکے ہیں، اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تین سال قبل گورننگ باڈی سے اس سلسلے میں منظوری لی گئی تھی اور اس کے بعد سے افسران مذکورہ منظور کیے گئے گورننگ باڈی کے فیصلے کو مبینہ طور پر ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں۔

 تاہم ایک مرتبہ پھر ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں باقاعدہ اعلانیہ کارروائی کے بجائے ٹارگیٹیڈ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں کراچی کے ہزاروں پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے اور ان کی بحالی کے لیے بھاری جرمانہ وصول کیا جانا شامل ہے،کے ڈی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ ٹارگیٹیڈ آپریشن کے باعث ادارے کو ریونیو حاصل ہونے کے بجائے  مذکورہ ریونیو بدعنوانیوں کی نذر ہونے کا خطرہ ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ منسوخ شدہ پلاٹوں کی بحالی سے حاصل ریونیو کے لیے کے ڈی اے میں کوئی اکائونٹ بھی نہیں کھولا جاسکا ہے جس سے واضح ہوسکے کہ اس مد میں کتنی آمدنی ادارے کو حاصل ہوسکی ہے۔

 ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی کی منظوری سے اس حوالے سے تین ماہ قبل یکم اگست 2025ء کو ایک سرکلر جاری کیا گیا تھا مذکورہ سرکلر جاری کرکے مبینہ طور پر فائلوں میں محفوظ کرلیا گیا ہے اور ادارے کے متعدد اہم افسران بھی جاری کیے گئے سرکلر سے لاعلم بتائے جاتے ہیں۔

سرکلر کے مطابق مس یوز آف پلاٹس پر الاٹمنٹ منسوخ کی جائے گی جبکہ اس کی بحالی کے لیے 100 روپے کے اسٹیمپ پیپر پردوبارہ مس یوز آف پلاٹ نہ کرنے کا حلف نامہ جمع کرانا ہوگا جبکہ بحالی کے چارجز بھی ادا کرنا ہونگے جس کیلئے 6 مختلف کیٹیگریز بنائی گئی ہیں۔

 کیٹگیری 1 میں جن علاقوں کو شامل کیا گیا ہے اس میں اسکیم ون اے،فائیو،سیون،الیون اور24  بوہری بازار،شارع فیصل،الہلال،سندھی مسلم،دھوراجی اور اس سے ملحقہ سوسائٹیز شامل ہیں جن کی بحالی کی فیس5 ہزارروپے اسکوائر یارڈ رکھی گئی ہے۔

کیٹیگری2 میں اسکیم ٹو،36 ناظم آباد شامل ہیں اور کیٹیگری 3 میں اسکیم16 خدادا کالونی شامل ہیں مذکورہ دونوں کیٹگیری میں منسوخ کی گئی الاٹمنٹ کی بحالی کی فیس 3 ہزار روپے اسکوائر یارڈ رکھی گئی ہے۔

کیٹیگری4 میں نارتھ کراچی ٹائون شپ شامل ہے جس میں منسوخ کی گئی الاٹمنٹ کی بحالی فیس ڈھائی ہزار روپے اسکوائر یارڈ مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح کیٹگیری 5 میںاسکیم33،میٹروول I,II,III ، شاہ فیصل کالونی،ملیر ٹائون شپ شامل ہیں جس میں پلاٹوں کی بحالی کے چارجز فیس1500 روپے اور کیٹیگری6 جس میں اسکیم41،کورنگی لانڈھی،قصبہ،قصبہ میٹروول شامل ہیں ان کے منسوخ کی گئی الاٹمنٹ کی بحالی کی فیس بھی1500 روپے مقرر کی گئی ہے، کے ڈی اے کے جاری سرکلر میں ڈائریکٹر ریکوری کو اہم ٹاسک دیا گیا ہے کہ مکمل چالان جمع نہ ہونے تک پلاٹ کی ری اسٹوریشن نہ کی جائے۔

واضح رہے کہ شہر بھر میں رہائشی پلاٹوں پر ہوٹلز،بیوٹی پارلرز،اسکولز،شادی ہالز،،بینکیوٹس،دکانیں اور دیگر مختلف نوعیت کی تجارتی اور کمرشل سرگرمیاں جاری ہیں،موجودہ صورتحال میں کئی ہزار گھروں کی الاٹمنٹ کی منسوخی اور بحالی کی مد میں کے ڈی اے کو اربوں روپے کی آمدنی متوقع ہے جس کے لیے تیاری کی جارہی ہے۔

تاہم دوسری طرف ادارے کی کرپٹ مافیا بھی بہتی گنگا میں ڈبکیاں لگانے کے لیے اپنا پلان تیار کرنے میں مصروف ہے۔اس حوالے سے ڈائریکٹر لینڈ مراد عباسی سے ان کا موقف جاننے کے لیے کوشش کے باوجود رابطہ ممکن نہ ہوسکا۔

متعلقہ مضامین

  • تنظیم الاعوان کے تحت بعثت رحمت عالم جلسہ عام 14 دسمبر کو ہوگا
  • ایک سال میں شام پر اسرائیل کے 600  سے زائد حملے: ایکلڈ عالمی تنظیم رپورٹ
  • یونیسکو نے سندھ کے قدیم لوک ساز بوریندو کو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کرلیا
  • امریکا: گورنر فلوریڈا نے مسلم تنظیم ’سی اے آئی آر‘ کو غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا
  • وفاقی آئینی عدالت نے متروکہ وقف اراضی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم کردیا
  • حماس کو دوبارہ منظم اور مضبوط نہیں ہونے دیں گے، ’یلولائن‘ اب غزہ کی نئی سرحد ہے: اسرائیل
  • کراچی سے اربوں روپے کا ریونیو حاصل کرنے کا ایک اور منصوبہ بنا لیا گیا
  • پتنگ بازی آرڈیننس 2025 کالعدم قرار دینے کی درخواست میں ڈی جی والڈ سٹی کو فریق بنانےکےلئے مہلت
  • ژوب؛ مسافر بس اور فیلڈر گاڑی میں تصادم، 5 افراد جاں بحق
  • فوج میں تنظیم سازی کا مقصد تینوں فورسز میں رابطے کو بہتر بنانا ہے، علی پرویز