لاہور: تھانہ بھاٹی گیٹ میں آسٹریلوی شہری پر پولیس اہلکاروں کا مبینہ تشدد
اشاعت کی تاریخ: 24th, October 2025 GMT
لاہور:
تھانہ بھاٹی گیٹ میں مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں نے آسٹریلوی شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا اور متاثرہ شہری خواجہ ذیشان نے تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف درخواست جمع کروا دی۔
متاثرہ شہری خواجہ ذیشان نے درخواست میں بتایا کہ 24 اکتوبر کو ٹبی سٹی کے علاقے میں تین اہلکاروں نے روکا اور تشدد شروع کر دیا جبکہ پولیس اہلکاروں نے مؤقف اپنایا کہ انہوں نے رکنے کا اشارہ کیا لیکن آپ نہیں رُکے۔
درخواست میں کہا کہ پولیس اہلکاروں کی مبینہ مارپیٹ سے چہرہ لہولہان، ہاتھوں اور ٹانگوں پر زخموں کے نشانات آئے ہیں، پولیس اہلکار تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے تھانہ بھاٹی گیٹ لے گئے۔
متاثرہ شہری نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے موبائل فون چھین لیا اور گاڑی کی چابیاں بھی لے لیں، بھانجی اور اس کے شوہر نے تھانے پہنچ کر جان خلاصی کرائی اور گاڑی میں موجود تین ہزار آسٹریلوی ڈالر بھی اہلکاروں نے چرا لیے ہیں۔
خواجہ ذیشان نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ آسٹریلیا کا شہری ہوں اور پولیس اہلکاروں نے زیادتی کی ہے لہٰذا انصاف دیا جائے۔
ایس پی سٹی بلال احمد نے کہا کہ واقعہ کب ہوا، کیسے ہوا چیک کر رہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پولیس اہلکاروں نے
پڑھیں:
راولپنڈی؛ شہری کو برہنہ کرکے تشدد کرنے میں ملوث مرکزی ملزم سمیت 6 افراد گرفتار
راولپنڈی:تھانہ سٹی کے علاقے گوالمنڈی میں شہری کو برہنہ کرکے بدترین تشدد کرنے والوں کے خلاف راولپنڈی پولیس نے رات گئے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مرکزی ملزم جنید عرف جیدا سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس نے بتایا کہ تھانہ سٹی کے علاقے گوالمنڈی میں شہری پر تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے معاملے پر سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر سٹی پولیس نے رات بھر گوالمنڈی میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تشدد کرنے میں ملوث مرکزی ملزم سمیت 6 افراد کو تحویل میں لے لیا، تشدد کرنے والے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ واقعے پر پولیس کو کمپلینٹ درج نہیں کروائی گئی تھی بلکہ ویڈیو سامنے آنے پر پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم کو فوری گرفتار کیا گیا۔
سی پی او کا کہنا تھا کہ تشدد میں ملوث کوئی بھی شخص قانون کی گرفت سے نہیں بچے گا، کسی بھی شہری پر تشدد قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا، ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ویڈیو کے ذریعے شناخت ہونے والے 6 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں جن میں مرکزی ملزم جنید عرف جیدا، روحیل، یاسر خان، فیصل مسیح اور ثمر عباس شامل ہیں، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔