سرگودھا: درجنوں افراد کا زمیندار کے گھر پر دھاوا، خواتین پر تشدد، ملزمان گھر سے لوٹ مار کر کے فرار
اشاعت کی تاریخ: 25th, October 2025 GMT
---فائل فوٹو
صوبۂ پنجاب کے شہر سرگودھا میں جائیداد کے تنازعے پر 25 سے زائد افراد نے زمیندار کے گھر پر دھاوا بول دیا، ملزمان نے مبینہ طور پر گھر میں لوٹ مار کی اور خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق سرگودھا کی تحصیل شاہپور کے گاؤں الہٰ آباد کے رہائشی زمیندار نے پولیس کو بتایا کہ 25 سے زائد مسلح ملزمان نے گزشتہ شب اس کے گھر پر دھاوا بولا، اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ زمیندار کے مطابق ملزمان اس کی بیٹی کا جہیز اور گھر سے دیگر تمام قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے۔
سرگودھا شاہپور صدر پولیس نے تین خواتین سمیت 14 نامزد اور 12 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
میانمار کے وسطی علاقے میں فوجی فضائی حملہ، 18 ہلاک اور درجنوں زخمی
میانمار کے وسطی علاقے میں فوجی فضائی حملے کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
مقامی حکام اور عینی شاہدین کے مطابق ساگائنگ ریجن کے قصبے تبائین میں جمعہ کی شام دو فضائی بم گرائے گئے، جن میں سے ایک مصروف ٹی شاپ پر لگا جہاں اس وقت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹی شاپ اور اس کے قریب موجود کم از کم ایک درجن مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ امدادی کارکن نے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد سات افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے جبکہ 11 زخمی اسپتال میں دم توڑ گئے۔
ایک زندہ بچ جانے والے شخص نے بتایا کہ وہ ٹی شاپ میں بیٹھ کر باکسنگ میچ دیکھ رہا تھا جب طیارے کی آواز سنتے ہی زمین پر لیٹ گیا، فوراً ہی زور دار دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔
مقامی افراد نے ہلاک ہونے والوں کی اجتماعی تدفین کر دی ہے جبکہ کئی لاشیں بری طرح جھلسنے کے باعث ناقابلِ شناخت تھیں۔
خیال رہے کہ 2021 کی فوجی بغاوت کے بعد سے میانمار شدید خانہ جنگی کا شکار ہے، اور فوج کی جانب سے مختلف گروہوں کے خلاف فضائی کارروائیوں میں شہریوں کی ہلاکتیں معمول بن چکی ہیں۔