بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ وہ اپنے جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کی حقیقی امنگوں کو دبا نہیں سکتا۔شیری رحمان
اشاعت کی تاریخ: 27th, October 2025 GMT
نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ وہ اپنے جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کی حقیقی امنگوں کو دبا نہیں سکتا۔یوم سیاہ کشمیر پر پیغام میں انہوںنے کہاکہ 27اکتوبر 1947 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، آج کے دن بھارت نے جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر غیرقانونی قبضہ کیااورکشمیری عوام کی خودارادیت کی جائز خواہش کو دبایا، بھارتی قابض افواج انسداد دہشت گردی کے سخت قوانین کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہی ہیں ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی توثیق کی مگر بھارت اب تک ان قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کرتا رہا ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ ہم مقبوضہ وادی میں بنیادی حقوق و آزادی کا مطالبہ کرنے والے عوام کی آواز کو دبانے کی مذمت کرتے ہیں، بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ وہ اپنے جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کی حقیقی امنگوں کو دبا نہیں سکتا،جنوبی ایشیا میں امن و استحکام جموں و کشمیر کے تنازعہ کا پرامن حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد سے ممکن ہے۔انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کیلئے کشمیر کاز ہمیشہ بنیادی اہمیت کا حامل معاملہ رہا ہے، قائد عوام شہید بھٹو کا کشمیر کیلئے بے مثال وژن آج بھی مشعل راہ ہے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی عالمی سطح پر کشمیر کیلئے جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، صدر مملکت آصف علی زرداری کی کشمیر کاز کیلئے کاوشوں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، انہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا،چیئرمین بلاول بھٹو نے موثرانداز میں کشمیر کا مقدمہ لڑ کر دنیا پر ثابت کیا کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے ، یہ چیئرمین بلاول بھٹو کی دنیا بھر میں کامیاب سفارتکاری کا نتیجہ ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کشمیر کی بات کرتے ہیں ، پیپلز پارٹی کشمیریوں کی قربانیوں کو تسلیم کرنے اور ان کی آواز کو قومی و بین الاقوامی سطح پر بلند کرنے کیلئے ہمیشہ پرعزم ہے ۔شیری رحمان نے کہا کہ ہم عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کے حق ِخود ارادیت کے حصول تک کھڑا رہے گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: کشمیری عوام کی نے کہا
پڑھیں:
جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کو 78 سال،دنیا بھر میں یوم سیاہ
جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کو 78 سال مکمل ہوگئے، دنیا بھر میں کشمیری و پاکستانی برادری آج یومِ سیاہ منارہی ہے،
صبح 10 بجے ملک بھر میں کشمیری شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی،
آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم شہریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔
27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے جموں و کشمیر میں اپنی فوجیں اتاری تھیں اور ایک بڑے حصے پر غاصبانہ قبضہ کر لیا تھا،
جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کو 78 سال مکمل ہونے پر دنیا بھر میں کشمیری و پاکستانی عوام آج یوم سیاہ منارہے ہیں، صبح 10 بجے ملک بھر میں سائرن بجائے جانے کے بعد کشمیری شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
اسلام آباد کی شاہراہِ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس اور ڈی چوک پر ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ کے بینرز آویزاں کردیے گئے،
اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا، شرکا نے عالمی برادری سے کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر جواب دہ ٹھہرائیں،
بھارتی مظالم کو فوراً بند کرانے کے لیے اقدامات کریں اور اس دیرینہ تنازع کے پُرامن حل کے لیے فعال کردار ادا کریں۔
صدر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کشمیری عوام کے حق میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف حالیہ جارحانہ رویے کے تناظر میں، یومِ سیاہ اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ اور دیرپا حل پر ہے، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج نے سری نگر میں داخل ہو کر بین الاقوامی قوانین، اخلاقی اصولوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کی صریح خلاف ورزی کی، اس دن سے جدید تاریخ کا ایک سیاہ ترین باب شروع ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال ہم یہ دن اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی بہادر جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مناتے ہیں، جو اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ظلم کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں، بھارت کے دہائیوں پر محیط مظالم کے باوجود کشمیری عوام کی مزاحمتی روح آج بھی قائم ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کی یہ جارحانہ مہم مزید شدت اختیار کر گئی ہے، بھارت نے یکطرفہ طور پر جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی، فوجی محاصرہ نافذ کیا، کشمیریوں کی املاک تباہ کر کے اجتماعی سزا دی اور ایسے ظالمانہ قوانین لاگو کیے جنہوں نے کشمیری عوام کو اُن کی بنیادی آزادیوں سے محروم کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ وادی بدستور نقل و حرکت، ابلاغ اور اجتماع کی سخت پابندیوں کے تحت ہے جبکہ جعلی مقابلے، حراستی تشدد، ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیاں شہریوں کو خوفزدہ رکھنے کے لیے جاری ہیں، بھارتی حکام منظم انداز میں کوشش کر رہے ہیں کہ کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر اقلیت میں تبدیل کر دیا جائے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام اس وقت تک ممکن نہیں جب تک جموں و کشمیر کے تنازع کا منصفانہ اور پُرامن حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق نہیں نکالا جاتا۔
یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہر سال 27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن یاد دلاتا ہے، آج سے 78 سال قبل اسی دن بھارت کی قابض فوجیں سری نگر میں اتری تھیں اور اس پر قبضہ کرلیا گیا تھا،
یہ انسانی تاریخ کا ایک المناک باب ہے جو آج بھی جاری ہے، اُس منحوس دن کے بعد سے بھارت مسلسل کشمیری عوام کو اُن کے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم شدہ حقِ خودارادیت سے محروم رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً 8 دہائیوں سے بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام نے بے پناہ مصائب اور ظلم و جبر کا سامنا کیا ہے، ہم اُن کے ناقابلِ تسخیر حوصلے، ہمت اور استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں، آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اُن کا عزم آج بھی غیر متزلزل ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے بھارت نے اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات میں مزید شدت پیدا کر دی ہے، جن کا مقصد جموں و کشمیر کی آبادیاتی ساخت اور سیاسی حیثیت کو تبدیل کرنا ہے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ نقل و حرکت اور اظہارِ رائے کی آزادی پر بھی سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے ظالمانہ قوانین نافذ کر کے کشمیریوں کی جائز سیاسی آوازوں کو دبانے اور اُن کے قومی جذبے کو کچلنے کے لیے منظم مہم شروع کر رکھی ہے، متعدد ممتاز کشمیری رہنماؤں، کارکنوں اور صحافیوں کو بے بنیاد الزامات کے تحت قید میں رکھنا بھارتی انتہا پسندانہ ایجنڈے کی بدترین مثال ہے، ان کی مسلسل نظربندیاں انسانی حقوق کے بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ان غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی ہے جو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں پاکستان کا جموں و کشمیر پر مؤقف واضح، دوٹوک اور اصولی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں اور یہ عہد کرتے ہیں کہ جب تک انصاف نہیں مل جاتا اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں میں دیا گیا وعدہ پورا نہیں ہوتا، ہم اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ان شااللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کو آزادی نصیب ہوگی۔