کوئٹہ؛ خاتون ٹیچر کے قتل کا مرکزی ملزم زخمی حالت میں گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 28th, October 2025 GMT
کوئٹہ پولیس کے سیریس کرائمز انویسٹی گیشن ونگ (SCIW) نے خاتون ٹیچر مریم شاہوانی کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم اویس ولد موسیٰ محمد حسنی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق اویس 17 سالہ مریم شاہوانی کے قتل کیس میں مطلوب تھا۔ مریم شاہوانی کو 16 اکتوبر کو منوجان روڈ پر گھر کے قریب دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔ مقدمہ تھانہ صدر میں درج ہونے کے بعد مزید تفتیش کے لیے کیس SCIW کو منتقل کیا گیا۔
ایس ایس پی عمران قریشی کی ہدایت پر تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے جدید تفتیشی طریقے، ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی۔ ابتدائی کارروائی میں ملزم محمد جہانزیب ولد محمد حنیف کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ مرکزی مفرور ملزم اویس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ رات کلی برات میں اویس کی موجودگی کی اطلاع ملی۔ چھاپے کے دوران ملزم اور اس کے ساتھی نے پولیس پر فائرنگ کی، جس میں اویس اپنے ساتھی کی گولی سے زخمی ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ زخمی اویس کو گرفتار کر کے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ عوامی حلقوں نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا اور کہا کہ اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اسی عزم اور عتیق سے کام جاری رکھیں تو شہر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کے قتل
پڑھیں:
فیصل آباد: گن پوائنٹ پر بچیوں سے زیادتی کرنے والا جنسی درندہ فرار ہونے کے بعد پھر گرفتار
فیصل آباد میں گن پوائنٹ پر بچوں سے زیادتی کرنے والا ملزم پولیس مقابلے کے دوران فرار ہونے کے بعد پھر گرفتار ہو گیا تاہم ملزم کو چھڑانے والے ساتھی فرار ہوگئے۔
فیصل آباد کے تھانہ بلوچنی کے علاقہ میں چھوٹے بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزم ریاض عرف راجو کوپولیس مقابلہ میں پولیس حراست سے فرار ہونے کے فوری بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ جاوید انور اسسٹنٹ سب انسپکٹر ملازمان کے ہمراہ زیر حراست ملزم ریاض عرف راجو کو اسلحہ برآمدگی کیلئے لے کر جا رہے تھے۔
90 سیم پل کے قریب پہنچے تو 4 نامعلوم مسلح ملزمان 2 عدد موٹر سائیکلوں پر آئے اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے ملزم کو چھین کر لے گئے۔
اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ بلوچنی و پولیس کی بھاری نفری فوری موقع پر پہنچ گئی۔ملزمان نے پولیس پارٹی سے مقابلہ شروع کردیا۔پولیس پارٹی نے حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔
فائرنگ رکنے پر چیکنگ کے دوران ملزم ریاض عرف راجو زخمی حالت میں پڑا ملا جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مضروب ہوا۔
اس کے ساتھی ملزمان تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔مضروب ملزم کو فوری برائے علاج معالجہ اسپتال بھجوا دیا ہے۔
فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے شہر بھر میں ناکہ بندی کرکے ان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
ملزم چھوٹے بچوں اور بچیوں کے ساتھ اسلحہ کے زور پر ڈرا دھمکا کر زیادتی کرتا تھا، ملزم تھانہ بلوچنی کی حدود میں پانچ بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔