جامشورو میں گیسٹرو وباء سے 6 افراد کی ہلاکت، وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس
اشاعت کی تاریخ: 29th, October 2025 GMT
لیبارٹری رپورٹ کے مطابق مقامی پانی کے نمونوں میں آلودگی کی شرح حد سے زیادہ پائی گئی اور پانی کو انسانی استعمال کیلئے غیر محفوظ قرار دیا گیا۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جامشورو کے کوہستانی علاقے میں گیسٹرو کی وبا سے قیمتی جانوں کے ضیاع کا نوٹس لیتے ہوئے فوری ایکشن لے لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کی میڈیکل ٹیمیں متاثرہ گاؤں فیض محمد روانہ کر دی گئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کو کمشنر حیدرآباد اور ڈپٹی کمشنر جامشورو کی جانب سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق اب تک 105 مریضوں کا علاج مکمل کیا جا چکا ہے، جن میں سے 85 مریض شدید گیسٹرو میں مبتلا تھے، جبکہ 15 افراد کی حالت نازک رہی۔ ضلعی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ وبا کے باعث 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ کسی متاثرہ فرد کو علاج سے محروم نہ رکھا جائے اور گاؤں میں فوری طبی کیمپس قائم کیے جائیں۔
مراد علی شاہ کی ہدایت پر صاف پانی کے واٹر ٹینکرز متاثرہ علاقے میں روانہ کر دیئے گئے، جبکہ گاؤں میں آر او پلانٹ کو آئندہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں شامل کر لیا گیا ہے۔ لیبارٹری رپورٹ کے مطابق مقامی پانی کے نمونوں میں آلودگی کی شرح حد سے زیادہ پائی گئی اور پانی کو انسانی استعمال کیلئے غیر محفوظ قرار دیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں سخت نگرانی جاری رکھی جائے، تاکہ وبا دوبارہ سر نہ اٹھا سکے۔ ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق مراد علی شاہ خود صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ محکمہ صحت، پی پی ایچ آئی اور بحالی ٹیموں کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کے مطابق
پڑھیں:
پنجاب میں پہلی بار سیلاب کی پیشگی اطلاع کیلئے ڈرون مانیٹرنگ شروع
حکام کے مطابق تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی سیف سٹی ڈرون سرویلنس کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی سطح اور ممکنہ سیلابی ریلوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع اور نگرانی کے لیے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی سیف سٹی ڈرون سرویلنس کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی سطح اور ممکنہ سیلابی ریلوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔
ڈرون مانیٹرنگ کے دوران جھنگ کے تریموں بیراج میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ریکارڈ کی گئی جبکہ پاکپتن میں دریائے راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال، پانی کی آمد اور دریائی کناروں پر کٹاؤ کا جائزہ لیا گیا، جہاں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق رہا۔
سرگودھا میں دریائے چناب پر واقع طالب والا پل، خانیوال میں ہیڈ سدھنائی بیراج اور ہیڈ ورکس، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں رسول بیراج پر بھی ڈرون سرویلنس کے ذریعے پانی کے بہاؤ کی نگرانی کی گئی۔ حکام کے مطابق ساہیوال کے علاقے کتب شہانہ کے قریب نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سیالکوٹ کے ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ ہوا۔