منشیات کی لت نے شان ولیمز کا کیریئر ختم کر دیا
اشاعت کی تاریخ: 5th, November 2025 GMT
زمبابوے کے سابق کپتان شان ولیمز کا بین الاقوامی کیریئر اختتام پذیر ہو گیا ہے، جب انہوں نے منشیات کے استعمال کے علاج کے لیے بحالی پروگرام (ری ہیبیلیٹیشن) میں شمولیت اختیار کی۔
زمبابوے کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ وہ اب دوبارہ قومی ٹیم کے لیے منتخب نہیں کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:آسٹریلوی کرکٹر اسٹورٹ میک گل کوکین ڈرگ کیس میں قصور وار ثابت
39 سالہ آل راؤنڈر شان ولیمز نے اپنے ملک کے لیے تینوں فارمیٹس میں تقریباً 9 ہزار رنز بنائے اور 150 سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔
ستمبر میں ہرارے میں ہونے والے ورلڈ کپ افریقہ کوالیفائر سے قبل وہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے دستبردار ہو گئے تھے۔ داخلی تفتیش کے دوران انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ منشیات کے عادی ہو چکے ہیں اور اپنی مرضی سے بحالی مرکز میں داخل ہوئے ہیں۔
زمبابوے کرکٹ کے مطابق تفصیلی غور کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ شان ولیمز کو آئندہ قومی انتخاب کے لیے زیرِ غور نہیں لایا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ زمبابوے کرکٹ اپنے تمام کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں سے اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار، نظم و ضبط اور ٹیم پروٹوکولز کے ساتھ اینٹی ڈوپنگ ضوابط کی مکمل پاسداری کی توقع رکھتی ہے۔
کرکٹ بورڈ کے مطابق شان ولیمز کے ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ماضی میں بھی نظم و ضبط کے مسائل اور بار بار عدم دستیابی کے باعث ٹیم کی تیاریوں اور کارکردگی کو متاثر کرتے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں قریباً ایک ارب ڈالر مالیت کی منشیات ضبط کرلیں
بیان میں کہا گیا اگرچہ بورڈ انہیں بحالی کی راہ اختیار کرنے پر سراہتا ہے، تاہم ممکنہ ٹیسٹنگ سے قبل ٹیم سے علیحدگی نے پیشہ ورانہ اور اخلاقی معیار کے حوالے سے سنگین خدشات کو جنم دیا ہے۔
زمبابوے کرکٹ نے اعلان کیا کہ ان کا موجودہ قومی معاہدہ 31 دسمبر کو ختم ہونے کے بعد تجدید نہیں کیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کے باوجود زمبابوے کرکٹ ان کی 2 دہائیوں پر محیط شاندار خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔ وہ ٹیم کے حالیہ دور کے کئی تاریخی لمحات میں مرکزی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
آخر میں بورڈ نے کہا کہ ہم شان ولیمز کے لیے صحتیابی کے عمل میں قوت اور مستقبل کے لیے کامیابی کی دعا کرتے ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
جنوبی افریقہ ڈرگز شان ولیمز کرکٹ بورڈ منشیات کا الزام.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: جنوبی افریقہ شان ولیمز کرکٹ بورڈ منشیات کا الزام زمبابوے کرکٹ شان ولیمز کے لیے
پڑھیں:
لاہور کی رہائشی خاتون کی منشیات برآمدگی کیس میں ضمانت منظور
سپریم کورٹ نے لاہور کی رہائشی خاتون کی منشیات برآمدگی کے کیس میں 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔
جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے لاہور کی رہائشی خاتون کے خلاف منشیات برآمدگی کے کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت ملزمہ کے وکیل نے اے این ایف ریڈ کی سی سی ٹی وی فوٹیج چلائی، عدالت نے ملزمہ کے گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا فرانزک کرانے کا حکم دے دیا۔
پولیس کے مطابق ایک کیس میں ملزمہ کے قبضے سے دستی بم بھی برآمد ہوا تھا۔
ملزمہ کے وکیل احسن بھون نے کہا ہے کہ واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ اے این ایف اہلکار منشیات لے کر گھر آتا ہے، خود منشیات گھر میں رکھ کر جھوٹا کیس بنایا گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والا اہلکار کمرۂ عدالت میں موجود ہے۔
اے این ایف کے اہلکار نے فوٹیج میں موجودگی کی تردید کر دی۔
جس پر جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ اے این ایف کے اسلحہ بردار اہلکار تشدد کرتے نظر آرہے ہیں۔
اے این ایف کے وکیل نے کہا کہ یہ فوٹیج کسی اور گھر میں کیے گئے ریڈ کی ہے۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ اے این ایف کے 10 اہلکار تھے مگر 2 لڑکیاں پھر بھی بھاگ گئیں، اتنے ہٹے کٹے اہلکار لڑکیوں کو نہیں پکڑ سکے مگر گاڑی پکڑ لی۔
ملزمہ کے وکیل احسن بھون نے کہا کہ گاڑی کی ریکوری کا ریکارڈ بھی تبدیل کیا گیا ہے۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے اے این ایف کے وکیل سے کہا کہ اے این ایف کے بیانات پر لوگوں کو پھانسی پر لٹکاتے اور عمر قید سناتے ہیں، خدا کا خوف کریں کمرۂ عدالت میں جھوٹ نہ بولیں۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ اے این ایف کیا کر رہا ہے، ملزمان تحویل میں ہوتے مار دیے جاتے ہیں، ایک کیس میں ملزم کی ہتھ کڑیوں کے ساتھ تصویر تھی جو اگلے روز مار دیا گیا، جوانی ہمیشہ نہیں رہنی کچھ خیال کیا کریں۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے اے این ایف کے اہلکار سے استفسار کیا کہ آپ نے کبھی چرس پی ہے؟ جس پر اہلکار نے کہا کہ نہیں سر میں نے کبھی چرس نہیں پی۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ چرس نہیں پی اس لیے آپ میں احساس بھی نہیں ہے، جس پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔