این اے 66 وزیرآباد کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے بلال فاروق تارڑ بلا مقابلہ کامیاب
اشاعت کی تاریخ: 8th, November 2025 GMT
وزیرآباد کے حلقہ این اے 66 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار بلال فاروق تارڑ بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے ہیں۔
ریٹرننگ افسر کی جانب سے بلال فاروق تارڑ کی بلا مقابلہ کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور فارم 34 الیکشن کمیشن کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ ریٹرننگ افسر نے کہا کہ الیکشن کمیشن فارم 34 کی بنیاد پر بلال فاروق تارڑ کی کامیابی کا سرکاری نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ این اے 66 کے انتخاب میں 30 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، تاہم سنی اتحاد کونسل اور پیپلز پارٹی سمیت 8 امیدواروں نے اپنے کاغذات واپس لے لیے، جبکہ دیگر امیدوار کاغذات واپس کرنے کی آخری تاریخ گزرنے کے بعد الیکشن سے دستبردار ہو گئے۔
یاد رہے کہ این اے 66 کی نشست سنی اتحاد کونسل کے احمد چٹھہ کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: بلال فاروق تارڑ
پڑھیں:
ضمنی الیکشن میں ٹی ایل پی امیدواروں کو انتخابی نشان نہ دینے پر درخواست سماعت کیلیے مقرر
اسلام آباد:ضمنی انتخابات میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ نہ کرنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔
ٹی ایل پی کے 6 امیدواروں نے متعلقہ ریٹرننگ افسران (آر اوز) کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزاروں میں ٹی ایل پی سربراہ سعد رضوی بھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے درخواستوں پر سماعت 10 نومبر کو مقرر کرتے ہوئے سعد رضوی، دیگر امیدواروں اور متعلقہ آر اوز کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیے جانے کے باعث امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ نہیں کیے گئے تھے، جس پر امیدواروں نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے۔