عدالتی حکم کی عدم تعمیل، علیمہ خان کے دسویں بار ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری
اشاعت کی تاریخ: 13th, November 2025 GMT
راولپنڈی: انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ایک بار پھر جاری کردیے ہیں۔ یہ وارنٹ عدالت کی جانب سے دسویں مرتبہ جاری کیے گئے ہیں۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف درج 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت علیمہ خان اور ان کے وکلا ایک بار پھر عدالت میں پیش نہیں ہوئے، تاہم مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان نے حاضری لگائی۔
عدالت نے علیمہ خان کی مسلسل عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور پولیس کو ہدایت کی کہ انہیں گرفتار کرکے 17 نومبر کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔
خیال رہے کہ علیمہ خان سمیت دیگر ملزمان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان پر توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ، کارکنان کو پرتشدد احتجاج پر اکسانے اور کارِ سرکار میں مداخلت جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ یہ مقدمہ گزشتہ سال تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہروں کے دوران درج کیا گیا تھا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل علیمہ خان
پڑھیں:
آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے میڈیا کیلیے ضابطہ اخلاق جاری
الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے انتخابات 2026 کے لیے نیا میڈیا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا، پالیسی کا مقصد انتخابی عمل میں شفافیت، غیرجانبداری اور ذمہ دارانہ صحافتی روایات کو یقینی بنانا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام میڈیا اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابی کوریج کے دوران مکمل غیرجانبداری کا مظاہرہ کریں اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کریں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر صرف مجاز میڈیا نمائندوں کو کوریج کی اجازت ہوگی تاہم پولنگ بوتھ کے اندر ووٹنگ کی خفیہ کارروائی کی کسی بھی قسم کی ریکارڈنگ یا فوٹوگرافی سختی سے ممنوع ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ ختم ہونے سے قبل کسی بھی قسم کے ایگزٹ پول، نتائج یا رجحانات نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ نفرت انگیز، اشتعال انگیز یا فرقہ وارانہ مواد نشر کرنے سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔
اسی طرح غلط، غیر مصدقہ یا گمراہ کن معلومات نشر کرنا بھی ممنوع قرار دیا گیا۔تمام امیدواروں کو انتخابی کوریج میں مساوی اور منصفانہ نمائندگی دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعلقہ میڈیا ادارے کی ایکریڈیٹیشن منسوخ کی جا سکتی ہے اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
کمیشن نے تمام میڈیا اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ انتخابی عمل کے اعتماد اور شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے۔