ٹام کروز کا 45 سالہ انتظار ختم، بالآخر پہلا آسکر مل گیا
اشاعت کی تاریخ: 18th, November 2025 GMT
ہالی ووڈ کے مقبول ترین ایکشن ہیرو ٹام کروز کو بالآخر اُن کے طویل اور شاندار کیریئر کے اعتراف میں پہلا اعزازی آسکر ایوارڈ دے دیا گیا۔ یہ وہ اعزاز ہے جس کا انتظار انہوں نے تقریباً ساڑھے چار دہائیوں تک کیا۔
اتوار کی شام لاس اینجلس میں ہونے والی سالانہ گورنرز ایوارڈز کی پروقار تقریب میں اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے ٹام کروز کو یہ ٹرافی پیش کی، اور حاضرین نے انہیں ایک منٹ تک کھڑے ہو کر داد دی۔
63 سالہ اداکار کو اپنے پورے کیریئر میں بہترین اداکاری کے لیے چار بار نامزدگیاں ملیں لیکن وہ کبھی آسکر جیت نہ سکے۔ اس بار بھی انہیں کسی فلمی کردار پر ایوارڈ نہیں ملا، بلکہ ان کی مجموعی خدمات، اثر انگیزی اور سینما میں غیر معمولی شراکت کے احترام میں یہ اعزاز دیا گیا۔
ٹرافی وصول کرتے ہوئے ٹام کروز نے مسکراتے ہوئے کہا ’’فلمیں بنانا صرف میرا کام نہیں، یہ میرا وجود ہے۔‘‘
انہوں نے اپنے فلمی سفر کے دوران ساتھ رہنے والے تمام ہدایتکاروں، فنکاروں اور ساتھی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس سال اعزازی آسکر پانے والوں میں ٹام کروز کے ساتھ مزید نام بھی شامل رہے، جن میں مشہور کوریوگرافر ڈیبی ایلن، ویژنری پروڈکشن ڈیزائنر وین تھامس اور معروف گلوکارہ ڈولی پارٹن شامل ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ٹام کروز
پڑھیں:
میرا نام کلیک بیٹ نہ بنائیں: نورا فتیحی کا ڈرگ سنڈیکیٹ سے منسوب الزامات پر شدید ردعمل
بالی ووڈ کی اداکارہ نورا فتیحی نے ڈرگ سنڈیکیٹ کی تحقیقات میں سخت ردِعمل دیتے ہوئے ان تمام خبروں کی تردید کردی اور میڈیا کو خبردار کیا ہے کہ میرا نام کلیک بیٹ کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔
ممبئی پولیس کی جانب سے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے مبینہ طور پر جڑے ڈرگ سنڈیکیٹ کی تحقیقات میں نام آنے کے دو روز بعد انسٹاگرام پر جاری اپنے سخت بیان میں ساکی ساکی کی فیم اداکارہ نے لکھا کہ میں پارٹیز میں نہیں جاتی، میں ہر وقت فلائٹس میں ہوتی ہوں، میں ورکوہولک ہوں، میری کوئی پرسنل لائف نہیں، میں ایسے لوگوں سے میل جول نہیں رکھتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں فارغ وقت صرف دوستوں کے ساتھ گزارتی ہوں یا دبئی میں چِل کرتی ہوں، میں اپنے خوابوں اور اہداف کے لیے دن رات محنت کرتی ہوں، جو پڑھتے ہیں اس پر یقین نہ کریں۔
نورا فتیحی نے ماضی کے تنازعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے میرا نام آسان ہدف ہے! مگر اس بار ایسا نہیں ہونے دوں گی، پہلے بھی آپ لوگوں نے جھوٹ سے میری ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی تھی، مگر کامیاب نہیں ہوئے، میں نے خاموشی سے سب دیکھا کہ کیسے میری شہرت کو داغدار کرنے کی کوشش کی گئی۔
آخر میں انہوں نے متنبہ کیا کہ براہِ کرم میرا نام اور میری تصاویر ان معاملات میں استعمال نہ کریں جس کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں، اس بار اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
گزشتہ روز ممبئی پولیس کی اینٹی نارکوٹکس سیل نے مطلوب ڈرگ ڈان سلیم ڈولا کے نیٹ ورک پر بڑی کارروائی کی تھی، جس کے بعد کئی بالی ووڈ اداکاروں، ماڈلز، ریکارڈنگ آرٹسٹوں اور داؤد ابراہیم کے قریبی رشتہ داروں کے نام سامنے آئے۔
رپورٹس کے مطابق سلیم ڈولا مبینہ طور پر میفیڈرون (M-Cat/Meow Meow/Ice) سپلائی کرتا تھا اور ملک و بیرونِ ملک ڈرگ پارٹیاں منعقد کراتا تھا۔
دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ طاہر ڈولا نے پہلے بھی عالیہ پارکر، نورا فتیحی، شردھا کپور، سدھارتھ کپور، ذیشان صدیقی، اووری (Orhan)، عباس مستان اور لوکا سمیت دیگر افراد کے ساتھ ایسی پارٹیاں منعقد کیں۔
اس تمام معاملے کے بعد ممبئی کرائم برانچ مبینہ ڈرگ سنڈیکیٹ کے مالیاتی اور آپریشنل پہلوؤں کی چھان بین کر رہی ہے، توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں تحقیقاتی ایجنسیاں ان مشہور شخصیات کو طلب کر کے ان کے بیانات ریکارڈ کریں گی، جس کے بعد مزید کارروائی کا امکان ہے۔