شہریوں کے لیے خوشی کی خبر، کراچی چڑیا گھر میں شیرنی نے تین بچوں کو جنم دیا
اشاعت کی تاریخ: 25th, November 2025 GMT
کراچی:
بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کے زیرِ انتظام کراچی چڑیا گھر میں ایک نہایت خوشگوار اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں 16 نومبر 2025 کو شیرنی نے تین صحت مند بچوں کو جنم دیا۔
اس خبر نے نہ صرف چڑیا گھر کے ماحول میں خوشی کی لہر دوڑائی ہے بلکہ شہر بھر کے شہریوں اور جنگلی حیات سے محبت رکھنے والوں کے لیے بھی یہ ایک انتہائی مسرت بخش لمحہ ہے۔
پیدائش کے فوراً بعد کراچی چڑیا گھر کے ان ہاؤس ویٹرنری ڈاکٹرز نے شیر کے بچوں کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق تینوں شیر کے بچے مکمل طور پر صحت مند، توانا اور بھرپور سرگرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جبکہ مادہ شیرنی بھی مکمل طور پر صحت مند ہے اور اُس کی خصوصی دیکھ بھال جاری ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے کراچی کے لیے اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے چڑیا گھر انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نومولود بچوں کے لیے خصوصی دیکھ بھال، اضافی نگرانی اور خصوصی نگہداشت کے انتظامات یقینی بنائے جائیں، تاکہ ان نایاب اور قیمتی بچوں کی ابتدائی پرورش بہترین ماحول میں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کراچی چڑیا گھر میں جنگلی حیات کے بہتر انتظامات اور جانوروں کی فلاح کے لیے کیے گئے موثر اقدامات کا ثبوت ہے۔
کے ایم سی کی انتظامیہ نے کہا کہ شیر کے ان تین بچوں کی پیدائش نہ صرف کراچی چڑیا گھر کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ اس بات کی علامت بھی ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران چڑیا گھر میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات مثبت نتائج دے رہے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق جانوروں کے باڑوں کی اپ گریڈیشن، ویٹرنری سہولیات میں بہتری، غذائی منصوبہ بندی اور ماحول دوست اقدامات نے چڑیا گھر کے مجموعی معیار میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیر کے بچوں کو فی الحال عوامی نمائش کے لیے پیش نہیں کیا جائے گا تاکہ انہیں کسی قسم کے دباؤ یا خلل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ویٹرنری ٹیم کی اجازت کے بعد انہیں بتدریج عوام کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جنگلی حیات کے تحفظ، چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن اور جانوروں کی بہترین دیکھ بھال کے لیے اپنے اقدامات مزید تیزی سے جاری رکھے گی، تاکہ کراچی چڑیا گھر شہریوں کے لیے نہ صرف تفریح بلکہ تعلیمی اور تحقیقی سہولت کے طور پر اپنا کردار بہترین انداز میں ادا کرتا رہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کراچی چڑیا گھر چڑیا گھر میں چڑیا گھر کے کے لیے شیر کے
پڑھیں:
کراچی پولیس چیف نے جعلی نمبر پلیٹس لگانے والوں کو ڈیڈ لائن کے ساتھ وارننگ جاری کردی
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے غیر قانون اور جعلی نمبر پلیٹس لگانے والے شہریوں کو خبردار کردیا۔ایک بیان میں جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ جعلی اور غیرقانونی نمبر پلیٹس کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔کراچی پولیس چیف نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ شہری 5 دسمبر تک گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹس درست کروالیں، بصورت دیگر غیر قانونی نمبر پلیٹس والی گاڑیاں ضبط کی جائیں گی۔واضح رہے کہ سندھ میں اجرک والی نمبر پلیٹس کی ڈیڈ لائن 31 اکتوبر کو ختم ہو چکی ہے۔دوسری جانب محکمہ ایکسائز کا بتانا ہے کہ سندھ بھر میں تقریباً 65 لاکھ موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں صرف کراچی میں یہ تعداد 33 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔علاوہ ازیں شہر میں ای چالان سسٹم فعال ہونے کےبعد یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ کئی شہریوں نے چالان سے بچنے کے لیے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر جعلی نمبر پلیٹس لگادی ہیں۔