شہریوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، آئی جی بلوچستان
اشاعت کی تاریخ: 25th, November 2025 GMT
اپنے بیان میں آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ بلوچستان پولیس عوام کو پرامن اور جرائم سے پاک ماحول فراہم کرنے کیلیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے تحت صوبے بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر اور منظم کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں صوبے کی تمام رینجز میں بلوچستان پولیس نے گزشتہ ہفتے دوران کارروائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں مطلوب اور مفرور ملزمان، اشتہاریوں، موٹر سائیکل چور، منشیات فروشوں اور اسلحہ و ایمونیشن ذخیرہ کرنے والے عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ متعدد وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران مختلف مقدمات میں نامزد افراد سمیت قتل اور اندھے قتل کے واقعات میں ملوث اہم ملزمان اور ان سے برآمد ہونے والے اسلحہ و دیگر ممنوعہ سامان کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان پولیس عوام کو پرامن اور جرائم سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور یہ سلسلہ جرائم کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
کراچی؛ حافظ قرآن نوجوان کے قتل کیس میں اہم پیشرفت
کراچی:بوٹ بیسن پولیس نے شیریں جناح کالونی میں جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے حافظ قرآن نوجوان کو قتل کرنے کے الزام میں 2 سگے بھائیوں سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن پولیس نے شیریں جناح کالونی میں جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے حافظ قرآن حماد نامی نوجوان کو قتل کرنے کے الزام میں 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں عبدالرحمٰن، عبدالشکور، سجاد اور شاہد شامل ہیں جبکہ دو ملزمان عبدالرحمٰن اور عبدالشکور آپس میں سگے بھائی ہیں۔
ایس ایچ او بوٹ بیسن سید راشد علی کے مطابق 18 نومبر کو شریں جناح کالونی میں بچوں کی لڑائی بڑوں میں تبدیل ہوگئی تھی اور جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے حافظ قرآن حماد نامی نوجوان شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شدید زخمی نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔
پولیس نے نوجوان کے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی تھی اور دوران تفتیش پولیس نے حافظ قرآن نوجوان کے قتل میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے آلہ قتل برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق گوہر نامی ایک ملزم فرار ہے جس کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے، جلد قتل میں ملوث پانچویں ملزم کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔