سان ڈیاگو چڑیا گھر کی سب سے قدیم رہائشی کا 141 سال کی عمر میں انتقال
اشاعت کی تاریخ: 25th, November 2025 GMT
سان ڈیاگو چڑیا گھر کی محبوب اور سب سے قدیم رہائشی گالاپاگوس کچھوا ’گرامّا‘ 141 برس کی عمر میں انتقال کر گئی۔ چڑیا گھر کے مطابق ’گرامّا‘ 20 نومبر کو ہلاک ہوئی۔ وہ اپنے قدرتی مسکن میں پیدا ہوئی تھی اور اندازاً 1880 کی دہائی میں اس دنیا میں آئی۔
یہ واضح نہیں کہ گرامّا کب سان ڈیاگو چڑیا گھر پہنچی، تاہم حکام کے مطابق وہ 1928 یا 1931 میں برونکس چڑیا گھر سے لائی گئی تھی اور گالاپاگوس کچھوؤں کے پہلے گروہ کا حصہ تھی۔
ایک صدی سے زائد عرصے تک رومین لیٹش اور کیکٹس فروٹ اس کی پسندیدہ خوراک رہے۔ اپنی شرمیلی اور میٹھی طبیعت کے باعث وہ آنے والے لاکھوں مہمانوں کی پسندیدہ رہی۔ اس کی زندگی 2 عالمی جنگوں اور 20 امریکی صدور کے ادوار پر محیط رہی۔ نگہداشت کرنے والے ماہرین اسے محبت سے ’کوئین آف دی زُو‘ کہتے تھے۔
چڑیا گھر کے مطابق گرامّا عمر رسیدگی کے باعث ہڈیوں کی پیچیدگیوں میں مبتلا تھی جو حال ہی میں بڑھ گئیں، جس کے بعد اسے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر موت دے دی گئی۔
سوشل میڈیا پر کئی افراد نے اپنے بچپن میں گرامّا کو دیکھنے اور برسوں بعد اپنے بچوں کے ساتھ اسے دوبارہ دیکھنے کی یادیں شیئر کیں۔ 69 سالہ کرسٹینا پارک نے بتایا کہ بچپن میں انہوں نے گرامّا جیسے کچھوے کی پیٹھ پر بیٹھ کر سواری بھی کی تھی جس کی اب اجازت نہیں اور اسی تجربے نے انہیں کچھوؤں کے تحفظ میں دلچسپی دلائی۔
گالاپاگوس کچھوے فطری ماحول میں 100 سال سے زائد اور قید میں اس سے بھی زیادہ عرصہ زندہ رہ سکتے ہیں۔ سب سے زیادہ عمر پانے والی گالاپاگوس کچھوا ’ہیریئٹ‘ تھی جو آسٹریلیا زُو میں 175 سال تک زندہ رہی اور 2006 میں مری۔
گالاپاگوس کچھوؤں کی 15 ذیلی اقسام میں سے 3 معدوم ہوچکی ہیں، جبکہ باقی سب کو بین الاقوامی یونین برائے تحفظِ فطرت نے کمزور یا نہایت خطرے سے دوچار قرار دیا ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں میں افزائشِ نسل کے لیے بھرپور کوششوں کے نتیجے میں 1965 سے اب تک 10 ہزار سے زائد کم عمر کچھوے فطری ماحول میں چھوڑے جا چکے ہیں۔
حال ہی میں مثبت خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ رواں سال اپریل میں فلاڈیلفیا زُو میں تقریباً 100 سالہ والدین سے 4 ننھے کچھوے پیدا ہوئے، جبکہ جون میں زُو میامی میں 135 سالہ ’گولیاتھ‘ پہلی بار باپ بنا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: چڑیا گھر
پڑھیں:
چینی چڑیا گھر میں جانور گرمی کی شدید لہر سے کیسے محفوظ رہتے ہیں؟
چین کے جنوب مغربی شہر چونگ چنگ میں شدید گرمی کے پیش نظر چونگ چنگ چڑیا گھر نے جانوروں کو محفوظ اور آرام دہ رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ پانڈا، ہاتھی، دریائی گھوڑوں اور دیگر جانوروں کو ٹھنڈے پانی، پھلوں اور جدید کولنگ سسٹمز کے ذریعے گرمی سے بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے شِنہوا کے مطابق چونگ چنگ چڑیا گھر میں دیوقامت پانڈا، ہاتھی، دریائی گھوڑے اور دیگر جانوروں کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے ٹھنڈے پانی کے تالاب، مصنوعی بارش (مسٹنگ سسٹم)، سایہ دار مقامات اور خصوصی خوراک کا انتظام کیا گیا ہے۔
چڑیا گھر میں موجود دیوقامت پانڈا دن کے گرم اوقات میں پانی کے تالابوں میں وقت گزار رہے ہیں، جبکہ ان کے باڑوں میں مسلسل پانی کی باریک پھوار چلائی جا رہی ہے تاکہ درجہ حرارت کم رکھا جا سکے۔
اسی طرح دریائی گھوڑوں اور ہاتھیوں کو جسمانی درجہ حرارت متوازن رکھنے کے لیے تربوز اور دیگر پانی سے بھرپور پھل کھلائے جا رہے ہیں، جبکہ ان کے لیے نہانے اور پانی میں رہنے کے اضافی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پانڈا نسبتاً ٹھنڈے موسم کے جانور ہیں اور شدید گرمی ان کی صحت، خوراک اور روزمرہ سرگرمیوں پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔ اسی وجہ سے چین کے مختلف چڑیا گھروں میں موسمِ گرما کے دوران کولنگ سسٹمز، برف کے بلاکس، ایئر کنڈیشنڈ انڈور حصوں اور پانی سے بھرپور غذا کا استعمال معمول کا حصہ بن چکا ہے۔
چونگ چنگ چین کے گرم ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے، جہاں موسمِ گرما میں درجہ حرارت اکثر 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب یا اس سے بھی زیادہ پہنچ جاتا ہے۔ حالیہ برسوں میں شدید گرمی کی لہروں کے باعث مقامی انتظامیہ نے نہ صرف شہریوں بلکہ جنگلی اور قید جانوروں کے تحفظ کے لیے بھی خصوصی منصوبے نافذ کیے ہیں۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسمِ گرما کے دوران جانوروں کی صحت کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ضرورت کے مطابق ان کے ماحول، خوراک اور طبی نگہداشت میں تبدیلیاں کی جاتی ہیں تاکہ شدید گرمی کے باوجود انہیں کسی قسم کی تکلیف یا صحت کے خطرات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں