اختر مینگل کا نام "نو فلائی لسٹ" سے نہ ہٹانے پر توہین عدالت کیس کی سماعت
اشاعت کی تاریخ: 25th, November 2025 GMT
عدالت نے سماعت کے دوران حکم دیا کہ اگر عدالتی فیصلے پر مکمل عملدرآمد نہ ہوا، تو ذمہ دار سرکاری افسران کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا جائیگا۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کا نام نو فلائی لسٹ سے نہ ہٹانے کے معاملے پر عدالت عالیہ بلوچستان میں توہین عدالت کی درخواست کی سماعت آج ہوئی۔ جس میں ساجد ترین ایڈووکیٹ کے مفصل دلائل کے بعد عدالت نے وفاقی سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے کو آئندہ پیر تک اپنے افیڈیویٹس جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی۔ عدالت نے واضح طور پر حکم دیا کہ اگر پیر تک عدالتی فیصلے پر مکمل عملدرآمد نہ ہوا، اور سردار اختر مینگل کا نام نو فلائی لسٹ سے خارج نہ کیا گیا، تو دونوں سرکاری افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ سماعت کے دوران آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ، جمیل رمضان ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء بھی موجود تھے۔ کیس کی سماعت جسٹس گل حسن ترین اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل بنچ نے کی۔ سماعت کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ساجد ترین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ اگر ریاستی ادارے عدالتی احکامات کا احترام نہیں کریں گے تو پھر یہ صورتحال جنگل کے قانون کی سی لگنے لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عدالت کے اندر اور باہر ہر صورت میں ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ اس طرح کے اقدامات سے سیاسی قیادت کو ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانے سے نہیں دبایا جا سکتا۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: توہین عدالت کی
پڑھیں:
9 مئی سمیت دیگر 5 مقدمات میں عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کیخلاف 9 مئی ودیگر 5 کیسز کی سماعت ہوئی، عدالت نے 9 مئی سمیت دیگر 5 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری سے روک دیا۔
عدالت نے 25 نومبر تک متعلقہ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی گرفتاری سے روک دیا، عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کردی۔
عدالت نے اگلی سماعت میں بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں یا بذریعہ ویڈیو لنک پیش کرنے کی ہدایت کردی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کیس پر سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث ضمانت کی درخواستوں پر دلائل نہ ہوسکے، عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کردی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کیجانب سے سردار محمد مصروف خان ایڈووکیٹ اور زاہد شبیر ڈار عدالت میں پیش ہوئیں۔
بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی، اقدام قتل، جعلی رسیدوں سمیت دیگر مقدمات درج ہیں، بشریٰ بی بی کیخلاف مبینہ جعلی رسیدیں جمع کروانے پر مقدمہ درج ہے۔