خواتین کی خفیہ ویڈیوز بنانے والا اسپتال کا سی سی ٹی وی آپریٹر گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 1st, December 2025 GMT
پشاور:
خواتین کی خفیہ ویڈیوز بنانے والا اسپتال کا سی سی ٹی وی آپریٹر گرفتار کرلیا گیا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کی شکایت پر خطرناک بلیک میلنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا۔
شکایت کے مطابق ملزم عمران نے شادی کا جھانسا دے کر متاثرہ خاتون کی تصاویر اور ویڈیوز حاصل کیں اور اس سے 20 لاکھ روپے تاوان طلب کیا۔ ملزم نے بلیک میلنگ کے لیے متاثرہ خاتون کے بہنوئی کو بھی نازیبا ویڈیو بھیجی اور بیانات بھی ریکارڈ کیے۔
این سی سی آئی اے نے تاتارا پارک میں ملزم کے ساتھ خفیہ ملاقات طے کروائی اور چھاپا مار کر ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتاری کے وقت اس کے قبضے سے آئی فون 12 پرو میکس، واٹس ایپ چیٹ اور متعدد خواتین کی خفیہ ویڈیوز برآمد ہوئیں۔
تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم PIC اسپتال میں سی سی ٹی وی آپریٹر کے طور پر کام کرتا ہے۔ ملزم سے اسپتال کے خواتین وارڈ کی خفیہ ویڈیوز ملنے پر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کی خفیہ ویڈیوز
پڑھیں:
کراچی کلفٹن میں خاتون کا قتل — پولیس نے اہم ملزم گرفتار کر لیا
کراچی کے علاقے کلفٹن میں پیش آنے والے دل خراش قتل کے کیس میں بوٹ بیسن پولیس نے ٹیکنیکل ٹریسنگ کی مدد سے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
25 نومبر کو کلفٹن بلاک 2، چائنا پورٹ کے قریب سے ایک خاتون کی تشدد زدہ، نیم برہنہ لاش ملی تھی۔ مقتولہ شہناز مسیح گزشتہ چند روز سے لاپتہ تھیں۔ وہ 22 نومبر کو گھر سے سودا لینے نکلی تھیں لیکن واپس نہ آئیں، جس کے بعد ان کی تلاش جاری تھی۔
ایس ایچ او بوٹ بیسن انسپکٹر سید راشد علی کے مطابق گرفتار ملزم احتشام ولد صادق نے 49 سالہ شہناز مسیح کو سر پر بلاک مار کر قتل کیا۔ اپنے جرم کو چھپانے کے لیے اس نے مقتولہ کے چہرے کو بھی بلاک مار کر مسخ کیا اور لاش جھاڑیوں میں پھینک دی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ اور ملزم ایک دوسرے کو پہلے سے جانتے تھے، اور قتل کی وجہ رقم کا لین دین بتایا گیا ہے۔ ملزم کا تعلق اختر کالونی سے ہے جبکہ اس کا آبائی ضلع اٹک ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے مقتولہ کا موبائل فون بھی برآمد کر لیا ہے۔
گرفتار ملزم نے اعترافِ جرم بھی کرلیا ہے۔
قتل کا مقدمہ مقتولہ کے بیٹے عادل کی مدعیت میں 302 کے تحت درج کیا گیا تھا۔ شہناز مسیح کے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں جو دونوں شادی شدہ ہیں۔ پولیس گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔