کراچی، کلفٹن میں خاتون کو قتل کرنے والا ملزم پکڑا گیا
اشاعت کی تاریخ: 29th, November 2025 GMT
بوٹ بیسن پولیس نے ٹیکنیل ٹریسنگ کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ کی 25 نومبر کو کلفٹن بلاک ٹو چائنہ پورٹ کے قریب سے تشدد زدہ نیم برہنہ لاش ملی تھی مقتول 22 نومبر کو گھر سے سودہ لینے نکلی تھی اور پھر لاپتہ ہوگئی تھی۔
بوٹ بیسن پولیس نے ٹیکنیل ٹریسنگ کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ، ایس ایچ او بوٹ بیسن انسپکٹر سید راشد علی نے بتایا کہ گرفتار ملزم احتشام ولد صادق نے 49 سالہ خاتون شہناز مسیح زوجہ ارشد گل سر پر بلاک کے وار کر کے قتل کیا اور قتل کرنے کے بعد اس کی شناخت مٹانے کے لیے چہرے پر بلاک مار مار کر مسخ کرکے لاش کلفٹن بلاک 2 چائنہ پورٹ اتوار بازار کے قریب جھاڑیوں میں پھینک دی تھی۔
مقتولہ شہناز مسیح بلدیہ ٹاؤن مدینہ کالونی کی رہائشی تھی جو گرفتار ملزم کو پہلے سے جانتی تھی مقتولہ کو ملزم نے رقم کے لین دین کے تنازعے پر قتل کیا تھا۔ گرفتار ملزم اختر کالونی کا رہائشی ہے جبکہ اس کا آبائی تعلق اٹک سے ہے۔ گرفتار ملزم سے مقتولہ کا موبائل فون بھی برآمد کرلیا گیا۔
گرفتار ملزم نے اعترافِ جرم کرلیا ہے۔ ملزم خاتون کو پہلے سے جانتا تھا اور اس نے پیسوں کے تنازع پر قتل کا انکشاف کیا ہے۔
قتل کا مقدمہ 302 کے تحت مقتولہ کے بیٹے عادل کی مدعیت میں بوٹ بیسن تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ مقتولہ کا ایک بیٹا اورایک بیٹی ہیں جو شادی شدہ ہیں ، پولیس گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کر رہی ہے ۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: گرفتار ملزم بوٹ بیسن
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔