ایرانی سلامتی کے سربراہ سے حماس کی سربراہی کونسل کے اراکین کی ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 9th, February 2025 GMT
رہبر معظم انقلاب سے اپنی ایک ملاقات میں محمد اسماعیل درویش کا کہنا تھا کہ ہم انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کے موقع پر غزہ کی کامیابی کو نیک شگون سمجھتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ ملاپ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کی بنیاد بنے گا۔ اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" کی سربراہی کونسل کے چئیرمین "محمد اسماعیل درویش" ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تہران میں موجود ہیں جہاں انہوں نے رہبر معظم کے نمائندے اور ایران کی قومی سلامتی کے سربراہ "علی اکبر احمدیان" سے ملاقات کی۔ ملاقات میں محمد اسماعیل درویش کے علاوہ حماس کے ڈپٹی پولیٹیکل بیورو چیف "خلیل الحیه" اور مغربی کنارے میں حماس کے سربراہ "زاھر جبارین" سمیت متعدد رہنماء موجود تھے۔ یاد رہے کہ اس وفد نے گزشتہ روز رہبر معظم سے بھی ملاقات کی۔ جس میں محمد اسماعیل درویش نے غزہ میں مقاومت کی عظیم فتح پر رہبر معظم کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کے موقع پر غزہ کی کامیابی کو نیک شگون سمجھتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ ملاپ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کی بنیاد بنے گا۔
خلیل الحیه نے کہا کہ ہم ایسی صورت حال میں آپ سے ملاقات کے لئے آئے ہیں جب ہم ایک امتحان میں سرخرو ہوئے ہیں۔ غزہ میں عظیم کامیابی ہماری اور ایران کی مشترکہ فتح ہے۔ دوسری جانب رہبر معظم انقلاب نے حماس کے رہنماوں سے کہا کہ آپ اسرائیل بلکہ در واقع امریکہ پر غالب آئے ہیں اور خدا کے فضل سے آپ نے انہیں کسی سازش میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔ رہبر معظم نے اس نکتے کی جانب بھی توجہ مبذول کروائی کہ فلسطین کے دفاع اور وہاں کی عوام کی حمایت کے سلسلے میں ہماری قوم کے ذہن میں کوئی شکوک و شبہات نہیں۔ مسئلہ فلسطین ہمارے لئے بنیادی مسئلہ ہے اور فلسطین کی فتح ہمارے لئے یقینی ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: محمد اسماعیل درویش ایران کی
پڑھیں:
سعودی ولیعہد سے علی لاریجانی کی ملاقات
قومی سلامتی کونسل کا سیکرٹری جنرل بننے کے بعد علی لاریجانی کا یہ تیسرا غیر ملکی دورہ ہے۔ اس سے قبل وہ عراق اور لبنان کا دورہ کر چکے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری جنرل "علی لاریجانی" نے آج شام سعودی ولی عہد "محمد بن سلمان" سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سعودی عرب میں تعینات ایرانی سفیر "علی رضا عنایتی" اور قومی سلامتی کونسل میں بین الاقوامی امور کے معاون "علی باقری" بھی موجود تھے۔ علی لاریجانی اس دورے کے دوران سعودی وزیر دفاع سے بھی ملاقات کریں گے۔ واضح رہے كہ علی لاریجانی آج دوپہر کو ریاض پہنچے، جہاں سعودی حکام اور ایران کے سفیر علی رضا عنایتی نے ان کا استقبال کیا۔ اس سفر میں اُن كے ہمراہ علی باقری كے علاوہ وزارت خارجہ میں خلیج فارس امور كے ڈائریكٹر "محمد علی بک" بھی موجود ہیں۔ علی لاریجانی اس دورے کے دوران وزیر دفاع کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سعودی حکام سے ملاقات کریں گے۔ اُن کے اس دورے کا مقصد اقتصادی شعبے میں تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ قومی سلامتی کونسل کا سیکرٹری جنرل بننے کے بعد علی لاریجانی کا یہ تیسرا غیر ملکی دورہ ہے۔ اس سے قبل وہ عراق اور لبنان کا دورہ کر چکے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز عرب و اسلامی ممالک کے ہنگامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر "مسعود پزشکیان" نے بھی محمد بن سلمان سے ملاقات اور گفتگو کی۔