قومی اسمبلی سے 12 منٹ میں5 بلز کی منظوری، اپوزیشن کا احتجاج
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں حکومت نے محض 12 منٹ میں5 اہم بل منظور کروا لیے، جس پر اپوزیشن نے سخت احتجاج کیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وفاقی وزیر قانون نے سب سے پہلے سول سرونٹ ترمیمی بل 2025 پیش کیا، جسے مزید غور کے لیے قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ اس کے بعد ایوان نے درج ذیل بلوں کو تیزی سے منظور کر لیا۔
ایوان میں منظور ہونے والے بلز میں دیوانی عدالتیں ترمیمی بل 2024، پاکستان کوسٹ گارڈ ترمیمی بل 2024، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام ترمیمی بل 2025، امیگریشن ترمیمی بل 2025 اور مہاجرین کی اسمگلنگ کے تدارک سے متعلق ترمیمی بل 2025 شامل ہیں۔
اپوزیشن کا احتجاج اور کورم کی نشاندہی
قومی اسمبلی میں بلز کی منظوری کے دوران اپوزیشن جماعتوں نے سخت احتجاج کیا جب کہ پی ٹی آئی کے رکن یوسف خان نے کورم کی نشاندہی کی، جس کے باعث اجلاس کو مختصر وقت کے لیے روک دیا گیا،تاہم کورم مکمل ہونے کے بعد اجلاس کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی اور حکومت نے مطلوبہ قانون سازی مکمل کرلی۔
اپوزیشن نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اہم قانون سازی کو عجلت میں منظور کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے مناسب بحث نہیں کی گئی۔ دوسری جانب حکومتی نمائندوں کا مؤقف تھا کہ یہ قوانین ملکی مفاد میں ہیں اور ان پر پہلے ہی ضروری مشاورت مکمل کی جا چکی ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: قومی اسمبلی
پڑھیں:
بھارتی اقدامات کیخلاف سینیٹ میں مذمتی قرارداد منظور؛ اپوزیشن سمیت تمام جماعتوں کی حمایت
اسلام آباد:بھارتی جارحیت اور اقدامات کے خلاف سینیٹ سے مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی، اپوزیشن سمیت سینیٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں نے قرارداد کی حمایت کی۔
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے قراردار ایوان میں پیش کی جسے متفقہ طور پر سینیٹ سے منظور کر لیا گیا۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات جوابات معطل کرنے کی تحریک پیش کی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو ویسا ہی جواب ملے گا جیسا ماضی میں ملا، پہلے بھی جواب دیا تھا اور اب بھی بتا دیا ہے پہلے سے تگڑا جواب ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکتوں پر مذمت کرتے ہیں لیکن بھارت نے معمول کے مطابق پاکستان پر الزام لگایا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا جس میں پاکستان نے بھارت کے مقابلے دو اقدامات زیادہ اٹھائے ہیں۔ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے والے بھارتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، یہ پانی پاکستان کی عوام کی لائف لائن ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ واہگہ بارڈر کو فوری طور پر بند کر دیا جائے گا، سارک ویزا اسکیم کے تحت جو بھارت کے لوگ پاکستان میں موجود ہیں 48 گھنٹوں میں نکل جائیں تاہم سکھ یاتریوں کو نہیں روکا جائے گا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے سب سے پہلے حملہ سندھ طاس معاہدے پر کیا اور قومی سلامتی کمیٹی نے متفقہ طور پر سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو جنگ قرار دے دیا، قومی سلامتی کمیٹی نے جواباً تمام معاہدوں کو معطل کرنے کا کہا، سارک ویزوں کو انڈیا نے منسوخ کر دیا ہم نے بھی سکھ یاتریوں کے علاوہ سب منسوخ کر دیے۔
سینیٹ اجلاس میں سینیٹر فوزیہ ارشد کے بھائی کی وفات پر دعائے مغفرت بھی کی گئی جبکہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مخبر کے تحفظ اور نگرانی کمیشن کے قیام کا بل پیش کیا، بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔