اس بار کی تنخواہ لیں اور کرکٹ کی جان چھوڑ دیں، شائقین قومی ٹیم پر برس پڑے
اشاعت کی تاریخ: 23rd, February 2025 GMT
اس بار کی تنخواہ لیں اور کرکٹ کی جان چھوڑ دیں، شائقین قومی ٹیم پر برس پڑے WhatsAppFacebookTwitter 0 23 February, 2025 سب نیوز
دبئی (سب نیوز)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025کے اہم میچ میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کرکٹ ٹیم کی 6وکٹوں سے شکست کے بعد شائقین شدید غصے میں ہیں اور قومی ٹیم کی کارکردگی اور کپتان محمد رضوان کی قیادت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ شائقین نے کھلاڑیوں کیلئے سخت الفاظ بھی استعمال کئے۔
اتوار کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 241 رنز بنائے لیکن بھارت نے ویرات کوہلی کی نصف سنچری کی بدولت مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔اس شکست کے بعد کراچی کے شائقین نے سوشل میڈیا اور سڑکوں پر اپنا غم و غصہ نکالا اور کہا اس ٹیم کے کھلاڑیوں کو چاہئے کہ اس بار کی تنخواہ لیں اور کرکٹ کی جان چھوڑ دیں جبکہ دوسرے نے تنقید کرتے ہوئے کہا پرچی کلچر اب بھی چل رہا ہے اور میرٹ پر کھلاڑیوں کی سلیکشن نہیں ہوتی۔
شائقین نے سابق کپتان بابر اعظم کو بھی نہیں بخشا اور ایک مداح نے طنزا کہا لوگ بابر کو کنگ کہتے ہیں، مگر پرفارمنس کنگ والی نہیں جبکہ دوسرے نے کہا بابر اعظم صرف چھوٹی ٹیموں کے خلاف اسکور کرتے ہیں اور بڑے میچوں میں ناکام ہو جاتے ہیں۔محمد رضوان کی کپتانی پر بھی تنقید کی گئی اور ان کے فیصلوں اور ٹیم کی حکمت عملی کو ناقص قرار دیا۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Sub News
پڑھیں:
ایشین گیمز 2026 :کرکٹ مقابلوں کے شیڈول اور گروپس کا اعلان
لاہور(نیوز ڈیسک)ایشین گیمز 2026 کے مردوں اور خواتین کے کرکٹ مقابلوں کے لیے ڈراز اور گروپس کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور سری لنکا کی مردوں کی ٹیموں نے براہِ راست ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ مقابلوں کے ڈراز کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں مردوں اور خواتین دونوں ایونٹس کے شیڈول، گروپس اور ناک آؤٹ مرحلے کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
مردوں کے ایونٹ میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ خواتین کے مقابلوں میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ مردوں کے مقابلوں میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور سری لنکا کو عالمی درجہ بندی کی بنیاد پر براہِ راست ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ دی گئی ہے۔
دوسری جانب افغانستان، ہانگ کانگ، جاپان، ملائیشیا، نیپال اور عمان ابتدائی مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گے، جہاں سے چار بہترین ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ کر پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کا مقابلہ کریں گی۔
ابتدائی مرحلے میں گروپ اے میں افغانستان، جاپان اور نیپال شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں ہانگ کانگ، ملائیشیا اور عمان کو رکھا گیا ہے۔ دونوں گروپس سے ٹاپ دو ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
خواتین کے ایونٹ کا آغاز براہِ راست کوارٹر فائنلز سے ہوگا۔ پہلے کوارٹر فائنل میں بھارت کا مقابلہ جاپان سے ہوگا، جبکہ بنگلا دیش کا سامنا چین سے ہوگا۔ سری لنکا اور ملائیشیا بھی آمنے سامنے آئیں گے، جبکہ پاکستان کی خواتین ٹیم تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
خواتین کے کرکٹ مقابلے 17 سے 22 ستمبر تک جاری رہیں گے، جبکہ مردوں کے میچز 24 ستمبر سے یکم اکتوبر تک کھیلے جائیں گے۔
تمام میچز جاپان کے شہر ناگویا میں منعقد ہوں گے اور ٹورنامنٹ ٹی20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایشین گیمز 2023 میں بھارت نے مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز میں سونے کے تمغے اپنے نام کیے تھے۔ مردوں کے فائنل میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.2 اوورز کھیلے تھے کہ بارش کے باعث مقابلہ مکمل نہ ہو سکا، جس کے بعد بہتر عالمی درجہ بندی کی بنیاد پر بھارت کو گولڈ میڈل دے دیا گیا۔
اسی طرح خواتین کے فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو 19 رنز سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ ایشین گیمز 2026 میں بھی بھارتی ٹیمیں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کی کوشش کریں گی، جبکہ پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے بھرپور مقابلہ کریں گی۔
مزید پڑھیں۔سوناہزاروں روپے سستا، ایک دن کی بڑی کمی نے مارکیٹ ہلا دی