گورنر کی ترجیحات صرف اپنے آقاؤں کو خوش کرنا ہے، بیرسٹر سیف
اشاعت کی تاریخ: 25th, February 2025 GMT
پشاور:
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا گورنر کے خط پر ردعمل سامنے آگیا۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ گورنر کی ترجیحات صرف اپنے آقاؤں کو خوش کرنا ہیں، صوبے کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ گورنر ایک خط وفاق کو صوبے کے حقوق پر بھی لکھ لیں جس میں صوبے کے بقایا جات کی ادائیگی، سوتیلی ماں جیسے سلوک کے خاتمے اور این ایف سی ایوارڈ میں پورا حصہ دینے کی کی استدعا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر بیچارے کا ویسے بھی کوئی کام نہیں صرف خط ہی لکھ سکتے ہیں، گورنر ہاؤس کا کردار آج کل محض ایک ڈاک خانے جیسا ہے، جہاں ایک مسترد شدہ ڈاکیا بیٹھا ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی طرح گورنر بھی صوبے کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ کریں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کہا کہ
پڑھیں:
صدر مملکت سے بلوچستان کے صوبائی وزراء کی ملاقات، مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال
کراچی:صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بلوچستان کے صوبائی وزراء کی بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر ِمملکت نے بلوچستان میں ترقی کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صوبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے، عوامی فلاح اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔
ملاقات میں صوبائی وزیرِ آبپاشی صادق عُمرانی، وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی ظہور بلیدی، وزیرِ صحت میر بخت کاکڑ، وزیرِ لائیو اسٹاک سردار فیصل جمالی، وزیرِ صنعت و تجارت کویار ڈومکی، وزیرِ محنت غلام رسول عُمرانی اور پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر علی حسن زہری شریک تھے۔